
حیدرآباد ،یکم اگست (ہ س)۔ تلنگانہ سکریٹریٹ میں ایک اہم محکمہ میں سیکشن آفیسرکی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی خاتون اسسٹنٹ سیکشن آفیسرنے اپنے ایک ساتھی افسرکے خلاف جنسی ہراسانی کی شکایت چیف سکریٹری سے کی ہے۔ ذرائع کے مطابق خاتون افسرنے چیف سکریٹری کو تحریری شکایت پیش کرتے ہوئے ساتھی افسر پرجنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے۔شکایت کے بعد سکریٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ جس افسر کے خلاف شکایت کی گئی ہے، وہ بھی سکریٹریٹ میں سیکشن آفیسر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف سکریٹری کو شکایت کے ساتھ ساتھ مذکورہ افسر کے خلاف عدالت کی توہین اور دیگر الزامات سے متعلق معاملات سے بھی واقف کرایا گیا۔ معاملے کی اطلاع ملنے کے بعد چیف سکریٹری نے مذکورہ سیکشن آفیسر کو مزید کارروائی کے لیے جے ای ڈی سی (JEDC) کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔حکام کی جانب سے خاتون افسر کی شکایت اور دیگر متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ معاملے میں مزید محکمانہ کارروائی تحقیقات اور قانونی طریقہ کار کی تکمیل کے بعد کی جائے گی۔ واضح رہے کہ خاتون افسر کی جانب سے عائد کیے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات ہونا باقی ہیں اور حتمی طور پر حقائق کا تعین متعلقہ تحقیقات اور قانونی کارروائی کے بعد ہی ہوسکے گا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق