
جموں، یکم اگست (ہ س)۔
ضلع کشتواڑ کے چھاتروعلاقے میں ہفتہ کی علی الصبح بادل پھٹنے کے نتیجے میں اچانک آنے والے سیلابی ریلے اور ملبے نے متعدد مکانات اور دیگر عمارتوں کونقصان پہنچایا، جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق واقعہ صبح تقریباً 2:30 بجے شدید بارش کے دوران پیش آیا۔ متعدد رہائشی مکانات کونقصان پہنچا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ واقعے کے فوراً بعد ایس ایچ او چھاترو، پولیس، سول انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی و بحالی کا کام شروع کر دیا۔ حکام متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے جموں خطے میں شدید بارشوں، اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خطرے کے پیش نظر پہلے ہی الرٹ جاری کیا تھا۔ اسی سلسلے میں جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے پہلی پورہ علاقے میں بھی شدید بارش کے باعث کئی گھروں میں پانی داخل ہو گیا، جہاں پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے امدادی کارروائیاں انجام دیں۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں، نشیبی علاقوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے مقامات سے دور رہیں اور موسم کی صورتحال معمول پر آنے تک احتیاط برتیں۔ حکام کے مطابق چھاترو میں صورتحال قابو میں ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر