پارلیمنٹ احاطے میں احتجاج کے معاملے پر بی جے پی کا پپو یادو، راہل گاندھی سمیت دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ
نئی دہلی، یکم اگست (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی دہلی ریاستی اکائی نے 31 جولائی کو پارلیمنٹ احاطے کے مکر دوار کے قریب ہوئے احتجاج کے سلسلے میں دہلی پولیس کو ایک تفصیلی شکایت پیش کرتے ہوئے پورنیہ سے رکن پارلیمنٹ پپو یادو (راجیش رنجن)، لوک سبھا میں
پارلیمنٹ احاطے میں احتجاج کے معاملے پر بی جے پی کا پپو یادو، راہل گاندھی سمیت دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ


نئی دہلی، یکم اگست (ہ س)۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کی دہلی ریاستی اکائی نے 31 جولائی کو پارلیمنٹ احاطے کے مکر دوار کے قریب ہوئے احتجاج کے سلسلے میں دہلی پولیس کو ایک تفصیلی شکایت پیش کرتے ہوئے پورنیہ سے رکن پارلیمنٹ پپو یادو (راجیش رنجن)، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، فیض آباد (ایودھیا) سے رکن پارلیمنٹ اودھیش پرساد اور دیگر متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بی جے پی رکن پارلیمنٹ بانسوری سو راج کی قیادت میں ایک وفد نے نئی دہلی کے ڈی سی پی سچن شرما سے ملاقات کرکے شکایت کی نقل انہیں سونپی۔ شکایت میں الزام لگایا گیا کہ اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے گزشتہ روز کے احتجاج کے دوران ہندوو¿ں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔

وفد میں شامل بی جے پی رکن اسمبلی کرنیل سنگھ نے کہا، ”ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے سناتن دھرم کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔“

شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ احتجاج کے دوران بھگوان شری رام کی تصویر، زعفرانی لباس، مذہبی تلک اور دان پیٹی جیسے ہندو مذہبی علامات کو سیاسی مقصد کے لیے استعمال کیا گیا، جس سے ہندو برادری کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے۔ شکایت کے مطابق عوامی طور پر دستیاب ویڈیوز اور تصاویر میں احتجاج کے دوران دان پیٹی میں رقم ڈالنے اور نکالنے جیسی سرگرمیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ بھگوان شری رام کی تصویر احتجاج کے دوران زمین پر گرتی ہوئی بھی نظر آتی ہے۔

شکایت کنندگان کا دعویٰ ہے کہ ان واقعات کی حقیقت کا تعین سی سی ٹی وی فوٹیج، میڈیا کوریج، ویڈیو ریکارڈنگ اور عینی شاہدین کے بیانات سے کیا جا سکتا ہے۔ بی جے پی نے پولیس سے درخواست کی ہے کہ پارلیمنٹ احاطے کی سی سی ٹی وی فوٹیج، ٹیلی ویژن نشریات، تصاویر، سوشل میڈیا پوسٹس اور دیگر تمام ڈیجیٹل شواہد محفوظ رکھے جائیں تاکہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جا سکے۔

بی جے پی نے دہلی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ شکایت میں نامزد تمام افراد کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے، دستیاب ڈیجیٹل اور الیکٹرانک شواہد کو محفوظ رکھا جائے اور قانون کے مطابق غیر جانبدارانہ اور جامع تحقیقات کرکے ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande