وسئی ویرار میں موسلادھار بارش سے معمولات زندگی درہم برہم، وسیع پیمانے پر جل بھراؤ، متعدد علاقوں میں ریسکیو آپریشن
ممبئی ، 4 جولائی (ہ س) ۔پالگھر ضلع کے وسئی ویرار میں مسلسل موسلادھار بارش کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے ہیں۔ شدید بارش اور وسیع پیمانے پر جل بھراؤ کے پیش نظر اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا، جب
Vasai Virar Heavy Rain


Vasai Virar Heavy Rain


ممبئی ، 4 جولائی (ہ س) ۔پالگھر ضلع کے وسئی ویرار میں مسلسل موسلادھار بارش کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے ہیں۔ شدید بارش اور وسیع پیمانے پر جل بھراؤ کے پیش نظر اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا، جبکہ شہر کی متعدد اہم سڑکیں زیر آب آنے سے ٹریفک کا نظام مفلوج ہو گیا۔ شہریوں کو اپنے گھروں، دفاتر اور کام کی جگہوں تک پہنچنے میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا

شدید بارش کے باعث ویرار کے گلوبل سٹی، پشپ نگر، چندن سار، بولنج روڈ، پرانے ویوا کالج کا علاقہ، نالاسوپارہ کے اسٹیشن روڈ، تولنج، سینٹرل پارک، وجئے نگر، واکن پاڑا، دھانیو باغ، آچولے اور ایس ٹی ڈپو کے اطراف کے علاقوں سمیت وسئی کے دیوتلاو، بھوئی گاؤں، ارنالہ روڈ، ساتیولی، گوکھیورے، رینج ناکہ، بھوئیدا پاڑا اور نائیگاؤں کے متعدد علاقے کئی گھنٹوں تک پانی میں ڈوبے رہے۔

گوکھیورے سے رینج ناکہ تک مرکزی سڑک مکمل طور پر زیر آب آنے کے باعث ممبئی احمد آباد قومی شاہراہ سے جڑنے والا اہم رابطہ منقطع ہو گیا، جس کے نتیجے میں کئی کلومیٹر طویل ٹریفک جام لگ گیا۔ مسلسل جل بھراؤ کی وجہ سے متعدد گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہوگیا، جبکہ کئی گاڑیاں سڑکوں پر بند پڑ گئیں اور لوگوں کو اپنی کاروں اور موٹر سائیکلوں کو دھکا دے کر نکالنا پڑا۔ صنعتی علاقوں میں کام کرنے والے ہزاروں مزدور بھی گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے۔

مقامی شہریوں نے الزام لگایا کہ نالوں کی بروقت اور مؤثر صفائی نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی نکاسی کے بجائے سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں جمع ہو رہا ہے، جس سے ہر بار بارش کے دوران شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے

بارش کا اثر صرف شہری علاقوں تک محدود نہیں رہا بلکہ دیہی علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ وسئی مشرق کے سکوار علاقے میں سیلابی پانی میں پھنسے 13 افراد کو وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن، تحصیل انتظامیہ، پولیس اور فائر بریگیڈ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کشتی کے ذریعے بحفاظت نکال لیا۔ اسی طرح دیہی علاقے موری گاؤں میں بھی 70 سے 100 افراد کو کامیاب ریسکیو آپریشن کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

مسلسل بارش کے باعث تنسا اور ویتارنا ندیوں کی سطح آب بھی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ رواں مانسون میں پہلی مرتبہ دونوں ندیوں کا پانی خطرے کی سطح تک پہنچ گیا اور کناروں سے لگنے لگا۔ پاندھرتارا پل پانی میں ڈوب جانے کے باعث کئی دیہات کا براہ راست رابطہ کچھ وقت کے لیے منقطع ہوگیا، جس کے بعد مقامی لوگوں کو متبادل راستوں سے آمدورفت کرنا پڑی

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر میونسپل انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر جل بھراؤ والے علاقوں کا رخ نہ کریں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ڈیزاسٹر کنٹرول روم سے رابطہ کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ حکام کے مطابق میونسپل کارپوریشن کی ریسکیو ٹیمیں مکمل طور پر الرٹ ہیں اور متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande