
امپھال، 4 جولائی ( ہ س)۔ منی پور میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں کئی سرگرم شدت پسندوں اور منشیات کے اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران ہتھیار، گولہ بارود، بڑی مقدار میں نقدی اور مشتبہ براؤن شوگر بھی برآمد کی گئی ہے۔
منی پور پولیس نے ہفتے کے روز سرکاری طور پر بتایا کہ جمعہ کے روز سکیورٹی فورسز نے تھوبل ضلع کے لانگاتھیل کھونگجوم روڈ علاقے سے کے سی پی (پی ڈبلیو جی) کے سرگرم رکن کنگابام ڈینی سنگھ عرف بونی (40) کو گرفتار کیا۔ اسی دن آر پی ایف/پی ایل اے کے دو سرگرم ارکان کو بھی ان کے گھروں سے پکڑا گیا۔ ان میں تنظیم کا ایک مبینہ وصولی کرنے والا اور امپھال ویسٹ کا مالی سیکریٹری شامل ہے۔ ان کے قبضے سے دو پستول، دو بندوقیں اور بڑی تعداد میں زندہ کارتوس برآمد کیے گئے۔
ایک اور کارروائی میں منی پور پولیس نے امپھال ایسٹ ضلع کے رہائشی ننگتھوجام اکنگنبا میتئی (27) کو سال 2023 میں ایم پی ٹی سی پانگئی اسلحہ خانے کی لوٹ مار اور ایک رہائشی علاقے میں فائرنگ کے واقعے میں مبینہ شمولیت کے الزام میں گرفتار کیا۔
چوراچاندپور ضلع میں کی گئی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے تقریباً 2.5 کلو مشتبہ براؤن شوگر، 31.43 لاکھ نقدی، ایک بولیرو گاڑی اور ایک نقدی گننے کی مشین برآمد کی۔
اس سے قبل کو تنگناؤپال ضلع کے سرحدی ستون نمبر 86 کے قریب سکیورٹی فورسز نے پی ایل اے کے دو سرگرم ارکان کو گرفتار کیا تھا۔ دونوں ملزمان تھوبل ضلع کے رہائشی ہیں۔
ریاست میں شدت پسند سرگرمیوں، غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف سکیورٹی فورسز اور منی پور پولیس کی کارروائی مسلسل جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد