مہاراشٹر میں 6 جولائی تک شدید بارش کا امکان، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس کی اپیل
ممبئی ، 4 جولائی (ہ س) مہاراشٹر کے مختلف حصوں میں مسلسل شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ممبئی اور اس سے ملحقہ شہروں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ متعدد علاقوں میں جل بھراؤ، ٹریفک کی سست روی اور دیگر مشکلات کے پیش نظر کئی اضلاع میں اسک
مہاراشٹر میں 6 جولائی تک شدید بارش کا امکان، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس کی اپیل


ممبئی ، 4 جولائی (ہ س) مہاراشٹر کے مختلف حصوں میں مسلسل شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ممبئی اور اس سے ملحقہ شہروں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ متعدد علاقوں میں جل بھراؤ، ٹریفک کی سست روی اور دیگر مشکلات کے پیش نظر کئی اضلاع میں اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 6 جولائی تک مختلف علاقوں میں شدید بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جس کے بعد ریاستی حکومت نے عوام سے مکمل احتیاط برتنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔

وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس نے ہفتہ کو انٹرنیشنل کوآپریٹو ڈے کے موقع پر مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹو یونین کی جانب سے منعقدہ سہکار گورو ایوارڈ تقریب میں شرکت کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں مسلسل شدید بارش ہو رہی ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے مسلسل الرٹ جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متوقع صورتحال سے زیادہ بارش کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر تین گھنٹے بعد تازہ موسمی الرٹ جاری کر رہی ہے تاکہ شہری بروقت معلومات حاصل کر سکیں۔ کئی مقامات پر احتیاطی اقدام کے طور پر اسکول بند کر دیے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ اگر سفر کرنا ضروری نہ ہو تو گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، کیونکہ احتیاط ہی کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری سرکاری الرٹس اور انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔ اس موقع پر سڑکوں اور نئی تعمیراتی منصوبوں میں بارش کے دوران گڑھوں سے متعلق اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے دیویندر فڈنویس نے کہا کہ کنیکٹنگ لنک روڈ پر صرف دو مقامات پر معمولی خرابیاں سامنے آئی ہیں، جبکہ پوری سڑک میں کسی بڑے نقص کی بات درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد بارش کے دوران اضافی سطح بچھائی جاتی ہے اور موجودہ صورتحال میں اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن تمام مقامات پر مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور جہاں بھی کوئی کمی پائی جائے گی، اسے فوری طور پر دور کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ریاست نے ملک کا بلند ترین پل، اونچی سڑکیں اور ڈیم کے نیچے سرنگ جیسے بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے کامیابی سے مکمل کیے ہیں، اس لیے صرف تنقید کرنا مناسب نہیں، بلکہ ترقیاتی کاموں کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande