پیوش گوئل نے کھلونا صنعت سے برآمدات میں 10 گنا اضافے کی اپیل کی
نئی دہلی، 4 جولائی (ہ س)۔ تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے ہفتہ کے روز بھارتی کھلونے بنانے والی کمپنیوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ چار برسوں میں کھلونوں کی برآمدات کو 10 گنا بڑھانے کا ہدف مقرر کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پیرو کے درمیان آزاد
پیوش گوئل نے کھلونا صنعت سے برآمدات میں 10 گنا اضافے کی اپیل کی


نئی دہلی، 4 جولائی (ہ س)۔ تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے ہفتہ کے روز بھارتی کھلونے بنانے والی کمپنیوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ چار برسوں میں کھلونوں کی برآمدات کو 10 گنا بڑھانے کا ہدف مقرر کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پیرو کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر جاری مذاکرات کے جلد مکمل ہونے کے امکانات کم ہیں۔ تاہم، وزیر تجارت نے بھارت-کینیڈا ایف ٹی اے کے حوالے سے مثبت اشارے دیے۔

پیوش گوئل نے قومی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقدہ 17ویں ٹوائے بز انٹرنیشنل بی ٹو بی ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ مرکزی وزیر تجارت و صنعت نے بھارتی کھلونا صنعت سے آئندہ چار برسوں میں کھلونوں کی برآمدات کو 10 گنا بڑھانے کا ہدف مقرر کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کھلونا صنعت کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت معیار کے ضوابط (کیو سی او) واپس نہیں لے گی۔ پیوش گوئل نے ملک بھر میں کھلونا سازی کے کلسٹروں کے لیے جدید ٹیسٹنگ سہولیات فراہم کرنے کا بھی یقین دلایا۔

وزیر تجارت نے 17ویں 'ٹوائے بز انٹرنیشنل بی ٹو بی ایکسپو 2026' میں بھارت کے کھلونوں کے درآمد کنندہ ملک سے برآمد کنندہ بننے تک کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ مزید تیزی سے ترقی کے لیے تیار ہے، کیونکہ حال ہی میں طے پانے والے آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) کے نتیجے میں نئی منڈیاں کھلیں گی۔ انہوں نے کھلونا صنعت سے کہا کہ وہ معیار، تحفظ اور عالمی معیارات کو اولین ترجیح دے تاکہ عالمی کھلونا سازی اور برآمدات کے مرکز کے طور پر بھارت کی پوزیشن مزید مضبوط ہو سکے۔

گوئل نے یہاں منعقدہ 17ویں 'ٹوائے بز انٹرنیشنل بی ٹو بی ایکسپو' کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، کچھ خدشات موجود ہیں، کئی ایسی مصنوعات ہیں جن میں ہم انہیں مارکیٹ تک رسائی کی اجازت نہیں دے سکتے۔ مجھے نہیں لگتا کہ پیرو کے ساتھ ایف ٹی اے بہت جلد طے پائے گا۔ تاہم، انہوں نے بھارت-کینیڈا ایف ٹی اے کے حوالے سے مثبت اشارے دیے۔

وزیر تجارت و صنعت نے کہا کہ بعض مصنوعات میں مارکیٹ تک رسائی سے متعلق خدشات کے باعث بھارت-پیرو آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر جاری مذاکرات کے جلد مکمل ہونے کے امکانات نہیں ہیں۔ دوسری جانب بھارت-کینیڈا ایف ٹی اے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ بھارتی حکام کا ایک وفد مذاکرات کے اگلے دور کے لیے پیر کے روز کینیڈا روانہ ہوگا۔

گوئل نے کہا، کینیڈا کے ساتھ ایف ٹی اے مذاکرات اچھی پیش رفت کر رہے ہیں۔ ہماری ٹیم پیر کو مذاکرات کے اگلے دور کے لیے جا رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ چھ ماہ کے اندر اس معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے۔

مرکزی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ وہ 13 جولائی کو وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر اور اطلاعات و نشریات نیز الیکٹرانکس و آئی ٹی کے وزیر اشونی ویشنو کے ساتھ برسلز جائیں گے، جہاں وہ 'بھارت-یورپی یونین (ای یو) تجارت و ٹیکنالوجی کونسل' (ٹی ٹی سی) کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

قابلِ ذکر ہے کہ بھارت اور پیرو کے درمیان مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر مذاکرات کا آغاز سال 2017 میں ہوا تھا۔ عالمی کھلونا بازار کا حجم تقریباً 120 ارب امریکی ڈالر ہے، لیکن اس میں بھارت کا حصہ اس وقت صرف 0.2 سے 0.3 فیصد کے درمیان ہے۔ تاہم، گزشتہ چار برسوں کے دوران کھلونوں کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande