
جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے 3,865 یاتریوں پر مشتمل دوسرا قافلہ ودی کے لیے روانہ ہوا
جموں، 03 جولائی (ہ س)۔ سالانہ شری امرناتھ یاترا کے دوسرے روز 3,865 یاتریوں پر مشتمل دوسرا قافلہ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جمعہ کی صبح جموں کے بھگوتی نگر یاتری نیواس سے کشمیر میں واقع بالتل اور ننون-پہلگام بیس کیمپوں کے لیے روانہ ہوگیا۔سرکاری حکام کے مطابق یاتریوں کا یہ قافلہ 201 گاڑیوں پر مشتمل تھا، جسے جموں و کشمیر پولیس، مرکزی مسلح پولیس فورسز (سی اے پی ایف) اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی نگرانی میں روانہ کیا گیا۔
قافلے میں شامل 3,865 یاتریوں میں سے 1,735 عقیدت مند 115 گاڑیوں کے ذریعے بالتل بیس کیمپ جبکہ 2,130 یاتری 86 گاڑیوں میں روایتی ننون-پہلگام بیس کیمپ کے لیے روانہ ہوئے۔ یاتری نیواس بھگوتی نگر میں روانگی سے قبل بم بم بھولے، ہر ہر مہادیو اور جے برفانی بابا کی کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ کئی یاتریوں نے یاترا کے لیے کیے گئے انتظامات اور سیکورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ 57 روزہ شری امرناتھ یاترا کا آغاز جمعہ سے بیک وقت بالتل اور ننون-پہلگام راستوں سے ہوا ہے، جبکہ یاترا 28 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔اس سے قبل جمعرات کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 4,822 یاتریوں پر مشتمل پہلے قافلے کو روانہ کیا تھا۔ دوسرے قافلے کی روانگی کے بعد جموں سے وادی کشمیر کے لیے روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد 8,687 ہو گئی ہے۔یاتریوں کی حفاظت کے پیش نظر جموں-سرینگر قومی شاہراہ، ٹرانزٹ کیمپوں اور بھگوتی نگر یاتری نیواس میں کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر