
نئی دہلی، 3 جولائی (ہ س)۔ گزشتہ چھ دنوں سے دہلی کے جنتر منتر پر بھوک ہڑتال پربیٹھے ماحولیاتی ماہر سونم وانگچک کے ساتھ جمعہ کو سوشل میڈیا مہم کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے حامیوں نے بھی ایک دن کا بھوک ہڑتال کیا۔ سی جے پی کے سربراہ ابھیجیت دپکے نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا، ہماری ٹیم آج سونم وانگچک کی حمایت میں بھوک ہڑتال کر رہی ہے۔ ان کی صحت دن بدن بگڑ رہی ہے اور اس وقت ہمارا اجتماعی تعاون بہت ضروری ہے۔ اگر آپ بھی اس ایک روزہ بھوک ہڑتال میں شامل ہو رہے ہیں، تو براہ کرم ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک ویڈیو پوسٹ کریں۔ دپکے نے کہا کہ وانگچک کی بگڑتی ہوئی صحت کو دیکھتے ہوئے ان کے حامیوں اور لداخ کے لوگوں نے آج اجتماعی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی ٹیم اور حامیوں نے آج سے ایک روزہ بھوک ہڑتال شروع کر رکھا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو وانگچک کا شوگر لیول 60 تک گر گیا تھا اور ان کا بلڈ پریشر بھی نارمل سے کافی نیچے چلا گیا تھا، جس سے ان کے حامیوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی