وزیر اعظم ہفتہ کو راجستھان اور گجرات کے دورے پر
نئی دہلی، 3 جولائی (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی 4 جولائی ( ہفتہ،)کو راجستھان اور گجرات کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم راجستھان کے جودھ پور اور بلوترا اور گجرات کے سانند میں کئی اہم ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔راجستھان کو
PM-RAJASTHAN-GUJARAT-VISIT


نئی دہلی، 3 جولائی (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی 4 جولائی ( ہفتہ،)کو راجستھان اور گجرات کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم راجستھان کے جودھ پور اور بلوترا اور گجرات کے سانند میں کئی اہم ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔راجستھان کو تقریباً 1.06 لاکھ کروڑ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کی سوغات دی جائے گی، جبکہ گجرات میں ملک کی سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کی صلاحیت کو مضبوطی دینے والی سی جی سیمی کی او ایس اے ٹی یونٹ کا افتتاح کیا جائے گا۔ اس موقع پر وہ ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔

وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، وزیر اعظم صبح تقریباً 10:45 بجے جودھ پور میں 480 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے نئے ہوائی اڈے کے ٹرمینل عمارت کا افتتاح کریں گے۔ 23,000 مربع میٹر سے زیادہ کے رقبے پر محیط یہ ٹرمینل سالانہ 20 لاکھ مسافروںکی گنجائش والا ہے۔ اسی تقریب میں وہ ترمیم شدہ اڑان اسکیم کا بھی آغاز کریں گے۔ یہ منصوبہ، اگلے دس برسوں میں 28,840 کروڑ روپے کی فراہمی کے ساتھ، 100 نئے ہوائی اڈے ، 200 جدید ہیلی پیڈ تعمیر کرے گا اور علاقائی ہوائی خدمات کو فروغ دے گا۔

اس کے بعد وزیر اعظم بلوترا میں تقریباً 1.06 لاکھ کروڑ روپے کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان میں سب سے نمایاں ملک کا پہلا گرین فیلڈ انٹیگریٹڈ ریفائنری-کم-پیٹرو کیمیکل پروجیکٹ ہے، جو 79,450 کروڑ سے زیادہ کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے، جو پچ پدرا میں قوم کو وقف کیا جائے گا۔ یہ 9 ایم ایم ٹی پی اے صلاحیت کا منصوبہ ملک کی توانائی کی حفاظت، پیٹرو کیمیکل خود انحصاری، اور صنعتی ترقی کو نئی تحریک فراہم کرے گا۔

وزیر اعظم جے پور میٹرو ریل پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ 13,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت کا یہ پروجیکٹ 36 اسٹیشنوں کے ساتھ 41 کلومیٹر طویل نارتھ-ساو¿تھ میٹرو کوریڈور تیار کرے گا۔ اس سے جے پور کے صنعتی اور رہائشی علاقوں کے درمیان عوامی نقل و حمل کو مزید تقویت ملے گی۔ فیز 1 کے تحت، 11 اسٹیشنوں کے ساتھ 11.64 کلو میٹر میٹرو کوریڈور پہلے ہی کام کر رہا ہے۔

اس کے علاوہ، وزیر اعظم چورو-سعدلپور اور چورو- رتن گڑھ ریل کی پٹری کو ڈبل کرنے کے منصوبوں، جودھ پور رنگ روڈ کے چار لین والے حصے، بیکانیر کے 1000 میگاواٹ اور 300 میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصوبوں اور راجستھان کے قابل توانائی کے شعبے سے متعلق پاور ٹرانسمیشن پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس موقع پر راجستھان حکومت کے مختلف محکموں کے لیے منتخب کیے گئے تقریباً 54,000 نوجوانوں کو تقرری نامہ بھی دیا جائے گا۔

شام میں، وزیر اعظم سی جی سیمی کی آو¿ٹ سورس سیمی کنڈکٹر اسمبلی اور ٹیسٹ ( او ایس اے ٹی ) سہولت کا افتتاح کرنے کے لیے سانند، گجرات پہنچیں گے۔ 7,500 کروڑ سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے ساتھ تیار کردہ یہ پلانٹ انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن کے تحت منظور کیے گئے پہلے چار پروجیکٹوں میں شامل ہے۔ مکمل صلاحیت تک پہنچنے پر، پلانٹ سالانہ 5 بلین سیمی کنڈکٹر چپس تیار کر سکے گا، جو آٹوموبائل، ٹیلی کمیونیکیشن، 5جی ، صنعتی اور انٹرنیٹ آف تھنگس کے شعبوں کی ضروریات کو پورا کرے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande