جاپانی کمپنیاں اڈیشہ میں 67,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کریں گی
بھونیشور، 3 جولائی (ہ س): جاپان کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بناتے ہوئے، اڈیشہ حکومت نے جاپان کی آئی یچ آئی کارپوریشن اور اے سی ایم ای گروپ کے ساتھ تعاون کی ایک تاریخی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس میں 67,000 کروڑ کی سرمایہ کاری
سرمایہ


بھونیشور، 3 جولائی (ہ س): جاپان کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بناتے ہوئے، اڈیشہ حکومت نے جاپان کی آئی یچ آئی کارپوریشن اور اے سی ایم ای گروپ کے ساتھ تعاون کی ایک تاریخی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس میں 67,000 کروڑ کی سرمایہ کاری حاصل کی گئی ہے۔ اس سرمایہ کاری سے ریاست میں سبز توانائی، جدید مینوفیکچرنگ اور صنعتی ترقی کو فروغ ملنے کی امید ہے۔

اس معاہدے پر ریاستی حکومت کی جانب سے منعقدہ جاپانی کاروباری مندوبین کے ساتھ بات چیت پروگرام کے دوران دستخط کیے گئے۔ مجوزہ سرمایہ کاری سے تقریباً 7,000 براہ راست ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔ ریاستی حکومت کا خیال ہے کہ یہ شراکت داری اڈیشہ کو صاف توانائی اور عالمی سرمایہ کاری کے ایک بڑے مرکز کے طور پر قائم کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہو گی۔

معاہدے کے تحت، گوپال پور-ٹاٹا خصوصی اقتصادی زون میں 0.4 ایم پی ٹی پی اے گرین امونیا پلانٹ قائم کیا جائے گا، جس میں 20,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی اور تقریباً 3,400 لوگوں کے لیے روزگار پیدا ہوگا۔ مزید ، اس پروجیکٹ کے لیے 1,000 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک جیٹی لیس فلوٹنگ ٹرمینل تعمیر کیا جائے گا۔

وہیںپارا دیپ میں 0.8 ایم پی ٹی اے گرین امونیا پلانٹ قائم کرنے کی تجویز ہے، جس میں 34,000 کروڑ کی سرمایہ کاری ہوگی اور تقریباً 3,600 ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ اس کے علاوہ ، 12,000 کروڑ کی لاگت سے گرین میتھانول پروجیکٹ تیار کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی، صنعت اور ہنرمندی کی ترقی کے وزیر سمپد چندر سوین، ریاستی حکومت کے اعلیٰ افسران، عالمی بینک گروپ کے نمائندوں، جاپانی سفارت خانے اور کئی سرکردہ جاپانی کمپنیوں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی نے کہا کہ جاپان ہندوستان کا سب سے بھروسہ مند ترقیاتی اور سرمایہ کاری پارٹنر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ اڈیشہ کی صنعتی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا اور خوشحال اڈیشہ 2036 اور وکست بھارت 2047 کے اہداف کو حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

صنعت کے وزیر سمپد چندر سوائی نے کہا کہ اڈیشہ اپنی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں، مضبوط انفراسٹرکچر اور شفاف انتظامیہ کی وجہ سے عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مقام بن گیا ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاری کے تمام منصوبوں کی بروقت عمل آوری کے لیے ریاستی حکومت کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

آئی ایچ آئی کارپوریشن کے صدر ہیروشی ایدرے نے اڈیشہ کے اسٹریٹجک مقام، صنعتی بنیاد اور قدرتی وسائل کی تعریف کی۔ اے سی ایم ای گروپ کے بانی اور چیئرمین منوج اپادھیائے نے کہا کہ شراکت داری جدید ٹیکنالوجی اور پروجیکٹ کی ترقی کی مہارت کو ایک ساتھ لائے گی، جس سے ہندوستان کے صاف توانائی کے شعبے کو ایک نئی سمت ملے گی۔

ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ اڈیشہ اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا اور گرین ہائیڈروجن، گرین امونیا، ایرو اسپیس، جہاز سازی، لاجسٹکس، اسٹیل اور قابل تجدید توانائی جیسے شعبوں میں مستقبل میں سرمایہ کاری کی راہ بھی ہموار کرے گا۔

اس معاہدے کو اڈیشہ اور جاپان کے درمیان بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری کا ایک اہم باب سمجھا جارہا ہے، جو ریاست میں صاف توانائی اور جدید صنعتوں کی ترقی کو تیز کرے گا، ساتھ ہی ایم ایس ایم ای ، ذیلی صنعتوں، مقامی اداروں اور نوجوانوں کے لیے روزگار اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande