
ممبئی،21جولائی(ہ س)۔ معروف فلم ساز رچی مہتا کی ہندی فلم ’پھولن‘ کا ورلڈ پریمیئر 51ویں ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (ٹی آئی ایف ایف) 2026 میں کیا جائے گا۔ اس بات کا باضابطہ اعلان ایمیزون پرائم ویڈیو کی جانب سے کیا گیا ہے۔
اتر پردیش کے چمبل کی سابق ڈاکو اور بعد ازاں سیاست دان بننے والی پھولن دیوی کی زندگی پر مبنی اس فلم کو فیسٹیول کے باوقار اسپیشل پریزنٹیشن سیکشن میں شامل کیا گیا ہے۔ اگرچہ فلم کی باضابطہ ریلیز کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا، تاہم بین الاقوامی پریمیئر کے بعد اسے پرائم ویڈیو پر اسٹریم کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق، فلم کا ورلڈ پریمیئر 16 ستمبر کو ٹورنٹو کے پرنسس آف ویلز تھیٹر میں ہوگا۔ فلم کی ہدایت کاری اور اسکرین پلے رچی مہتا نے تحریر کیا ہے، جبکہ اسے شارین منتری کیڈیا، کشور اروڑا، کنول کوہلی اور رچی مہتا نے نمہ پکچرز کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم کا پہلا پوسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں پھولن دیوی کا مضبوط اور بااثر انداز نمایاں ہے۔
فلم 1997 میں شائع ہونے والی خودنوشت’’آئی پھولن دیویõ دی آٹوگرافی آف انڈیاز بینڈٹ کیون‘‘ سے متاثر ہے۔ کہانی پھولن دیوی کی زندگی کے اس اہم موڑ پر مرکوز ہے، جب ہزاروں مسلح افراد نے انہیں قتل کرنے کی نیت سے ایک گاؤں کا محاصرہ کر لیا تھا۔فلم میں سنیہا کُماری پھولن دیوی کا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ انوراگ ٹھاکر، وکرم پرتاپ سنگھ، آکاش دہیا، پرتیک پچوری اور دیو دت بودھولیا بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم سے شائقین کو ایک مؤثر، سنسنی خیز اور حقیقت پر مبنی کہانی کی توقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan