
حیدرآباد ،2 جولائی (ہ س)۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے عہدیداروں کوہدایت دی کہ وہ ریاست میں آمدنی کے وسائل کی بنیاد پربجٹ تیارکریں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی بجٹ صرف اندازوں پرمبنی نہیں بلکہ حقائق پرمبنی ہوناچاہئے۔ وزیراعلی نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریاست میں مالی وسائل کواکٹھاکرنے کے سلسلہ میں اہم محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی نے ایچ ایم ڈی اے،انڈسٹریل انفراسٹرکچرکارپوریشن،کمرشیل ٹیکسیس،ایکسائزاورکانکنی کے محکمہ جات کو ہدایت دی کہ آمدنی کے حصول میں کوئی خامی نہ رہے۔ کلکشن کے سلسلہ میں کسی بھی لکیج کی گنجائش نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے فینانشیل مینجمنٹ کے معاملہ میں سخت نگرانی اورجوابدہی کی ہدایت دی۔وزیراعلی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آمدنی سے متعلق امورکی مسلسل نگرانی کیلئے خصوصی سیل قائم کیا جائے۔ یہ سیل محکمہ جات کی آمدنی کے حصول پرنہ صرف نظررکھے بلکہ اضافہ کی حکمت عملی تیارکرے۔ انہوں نے محکمہ جات سے کہاکہ وہ کارکردگی کوبہتربناتے ہوئے ریاست کی آمدنی میں اضافہ کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلی نے انفراسٹرکچراورترقی کی اہمیت کواجاگر کرتے ہوئے کہاکہ پروجیکٹس کی تکمیل کیلئے اراضیات کے حصول کوترجیحی بنیادوں پرمکمل کیاجائے۔انہوں نے آمدنی کے نشانوں کی تکمیل کیلئے محکمہ جات کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کایقین دلایا۔ وزیراعلی نے واضح کیا کہ آمدنی میں اضافے اور فنڈس کے حصول کے معاملہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمہ جات کو حقیقی آمدنی کی بنیاد پرریاست کا بجٹ تیارکرنا چاہئے۔ اندازوں اورخیالی بجٹ کے بجائے زمینی حقائق پر مبنی بجٹ ہونا چاہئے ۔ ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق