بارش کے سبب ہندوستان-انگلینڈ پہلا ٹی 20 میچ منسوخ، ابھشیک اور شریس کی نصف سنچریاں بیکار
چیسٹر لے اسٹریٹ، 02 جولائی (ہ س)۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان بدھ کے روز کھیلا گیا پہلا ٹی 20 بین الاقوامی مقابلہ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اووروں میں 7 وکٹوں پر 189 رن بنائے، لیکن مسلسل بارش کی وجہ س
شریس ایر نے کھیلی نصف سنچری اننگز


چیسٹر لے اسٹریٹ، 02 جولائی (ہ س)۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان بدھ کے روز کھیلا گیا پہلا ٹی 20 بین الاقوامی مقابلہ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اووروں میں 7 وکٹوں پر 189 رن بنائے، لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے انگلینڈ کی اننگز شروع ہی نہ ہو سکی۔

ہندوستان کی جانب سے ابھشیک شرما نے 24 گیندوں پر 59 رن کی طوفانی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان شریس ایر نے 47 گیندوں میں 68 رن بنائے۔ آخر میں شیوم دوبے نے 21 گیندوں پر ناٹ آوٹ 42 رن بنا کر ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔

ہندوستان کا آغاز خراب رہا۔ سنجو سیمسن (1) اور ایشان کشن (0) جلدی آوٹ ہو گئے، لیکن ابھشیک شرما نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے میچ کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے محض 20 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کر کے انگلینڈ کے خلاف کسی ہندوستانی بلے باز کی تیز ترین ٹی 20 نصف سنچری بنائی۔

ابھشیک کے آوٹ ہونے کے بعد شریس ایر نے ذمہ داری سنبھالی اور کپتان کے طور پر اپنی پہلی ٹی 20 نصف سنچری لگائی۔ شیوم دوبے نے آخری اووروں میں تیز بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کو 189 رنوں تک پہنچایا۔

انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے 3 وکٹیں لے کر ہندوستان کو 200 کے پار جانے سے روکا۔

ہندوستانی اننگز کے دوران ہلکی بارش ہوتی رہی، لیکن اننگز مکمل ہو گئی۔ تاہم اننگز کے وقفے (بریک) کے بعد بارش تیز ہو گئی اور مسلسل جاری رہنے کے سبب انگلینڈ کی بلے بازی شروع نہیں ہو سکی۔ مقررہ وقت تک موسم صاف نہیں ہونے پر امپائروں نے مقابلے کو بے نتیجہ قرار دے دیا۔

مختصر اسکور:

ہندوستان: 7/189 (20 اوور) - شریس ایر 68، ابھشیک شرما 59، شیوم دوبے *42؛ ثاقب محمود 33/3

نتیجہ: بارش کے سبب میچ بے نتیجہ رہا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande