
علی گڑھ, 02 جولائی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے خلیق احمد نظامی سینٹر برائے قرآنی علوم نے قرآن کے انگریزی تراجم پر مبنی ماہرِ قرآنیات اور سنٹر کے اعزازی ڈائرکٹر پروفیسر عبد الرحیم قدوائی کی علمی تحقیق پر مبنی اہم انگریزی تصنیف ‘‘عبدالرحیم قدوائیز کریٹیک آن انگلش ٹرانسلیشنس آف دی قرآن (1649-2024)’’ کو شائع کیا ہے۔ اس کے مرتب و مدوّن شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے ڈاکٹر عادل حسین ملک ہیں۔ اس میں ملک و بیرونِ ملک کے ممتاز اہلِ علم کی تحریریں شامل ہیں۔ اس تصنیف میں قرآنِ مجید کے تقریباً چار صدیوں پر محیط انگریزی تراجم کا تنقیدی جائزہ پیش کیا گیا ہے، اور ٹرانسلیشن اسٹڈیز، علم تفسیر، صنفی نقطہ ہائے نظر اور قرآنی علوم کی ڈیجیٹل اشاعت جیسے اہم موضوعات پر بھی بحث کی گئی ہے۔
شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے سابق چیئرمین پروفیسر عبد الحمید فاضلی نے اس اشاعت کو قرآنی مطالعات کے میدان میں ایک گراں قدر اضافہ قرار دیتے ہوئے اس کی تیاری میں ڈاکٹر عادل حسین ملک کی علمی کاوش کو سراہا۔
شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے اس اشاعت کو اپنی لائبریری کے ذخیرے میں شامل کیا ہے، جہاں یہ اسلامیات اور ترجمہ شناسی کے طلبہ و محققین کے لیے ایک اہم حوالہ جاتی مأخذ ثابت ہوگی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ