
نئی دہلی، 2 جولائی (ہ س)۔ دہلی میں مانسون کے موسم کی آمد کے ساتھ ہی میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) کی اسٹینڈنگ کمیٹی (قائمہ کمیٹی)کی چیئرپرسن ستیہ شرما نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ پانی جمع ہونے کو روکنے کے لیے سنجیدگی اور تندہی سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ مانسون کے موسم میں شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے،اس کے لئے تمام متعلقہ محکموںکو آپس میں مل کر کام کرنا ہوگا۔
ستیہ شرما نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جن علاقوں کی پانی جمع ہونے کے لحاظ سے حساس یا ممکنہ علاقے کے طور پر شناخت کی گئی ہو، وہاںاضافی پمپ، ڈی واٹرنگ مشینیں اور ضروری آلات پہلے سے ہی دستیاب کرائے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ان مقامات پر مناسب عملہ تعینات کیا جائے تاکہ شدید بارش کی صورت میں پانی کی نکاسیکا کام فوری طور پر شروع ہو سکے اور پانی جمع ہونے پر بروقت قابو پایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران اپنے علاقوں کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری کارروائی کو یقینی بنائیں۔ ہموار نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے نالوں، گٹر اور نکاسی آب کے راستوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔
قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن نے شہریوں سے یہ بھی اپیل کی کہ اگر انہیں پانی جمع ہونے، درخت گرنے یا مانسون سے متعلق کوئی اور مسئلہ نظر آئے تو وہ فوری طور پر ایم سی ڈی 311 ایپ یا کارپوریشن کے کنٹرول روم کے ذریعے اس کی اطلاع دیں، تاکہ متعلقہ محکمہ فوری ایکشن لے سکے۔
ستیہ شرما نے افسران کو واضح ہدایات دیں کہ وہ ایم سی ڈی 311 ایپ اور کنٹرول روم کے ذریعے موصول ہونے والی تمام شکایات کو ترجیح دیں اور ان کو تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران کو مکمل احتساب کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں دہلی میونسپل کارپوریشن مانسون کے دوران شہریوں کی حفاظت، ہموار ٹریفک اور پانی سے پاک دہلی کو یقینی بنانے کے لیے پوری عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد