مدھیہ پردیش کے اجین ضلع میں خاتون کے بال کاٹے، کپڑے پھاڑے اور چپلوں کا ہار پہنا کر گاوں میں جلوس نکالا
۔ گیارہ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج، تین گرفتار
متاثرہ خاتون کا جلوس، سوشل میڈیا سے لی گئی تصویر


اجین، 02 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع اجین کے جھارڑا تھانہ علاقے میں ایک خاتون کے بال کاٹ کر اور کپڑے پھاڑ کر نیم برہنہ حالت میں پورے گاوں میں جلوس نکالنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ الزام خاتون کے سسرال والوں پر ہے۔ پولیس نے تین خواتین سمیت 11 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دیگر آٹھ کی تلاش کی جا رہی ہے۔

جھارڑا تھانہ انچارج آنند بھابور نے جمعرات کے روز واقعے کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ 30 جون کا ہے۔ متاثرہ خاتون کی شادی ارنیا وینا گاوں میں ہوئی تھی۔ بعد میں گاوں کے ہی ایک نوجوان کے ساتھ اس کا معاشقہ ہوگیا۔ سال 2023 میں وہ اپنے پہلے شوہر کو چھوڑ کر عاشق کے ساتھ اندور چلی گئی اور دونوں شادی کر کے وہیں رہنے لگے۔ کچھ وقت کے بعد خاتون نے نئے سسرال کی زمین میں حصے داری کا مطالبہ کیا۔ اسی سلسلے میں وہ 30 جون کو ارنیا وینا میں واقع سسرال پہنچی تھی۔ یہاں اس کا سسرال والوں سے جھگڑا ہو گیا۔

متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ صبح تقریباً 9 بجے سومیر سنگھ، کچرو سنگھ اور بدری لال دیگر لوگوں کے ساتھ دروازہ توڑ کر اس کے کمرے میں گھس آئے اور انہوں نے بال اور ہاتھ پکڑ کر اسے گھسیٹتے ہوئے باہر نکالا، جہاں سسرال کی تین خواتین سمیت دیگر ارکان موجود تھے۔ ملزمان نے اس کے سر کے بال کاٹ دیے۔ کپڑے پھاڑ کر اسے نیم برہنہ کر دیا۔ پھر گلے میں جوتے چپلوں کا ہار پہنا کر گاوں میں جلوس نکالا۔ خاتون نے یہ بھی الزام لگایا کہ اس دوران اس کے اور اس کے شوہر کے ساتھ مار پیٹ کی گئی اور جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔ خاتون کی آنکھ، گال، سر، پیٹ جبکہ شوہر کے چہرے، سینے اور پیٹ پر چوٹیں آئی ہیں۔

تھانہ انچارج بھابور نے بتایا کہ خاتون کی شکایت پر کل نو نامزد اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ان میں سے تین ملزمان سومیر، کچرو اور بدری لال کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس لگاتار چھاپے ماری کر رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande