
تہران ،02 جولائی (ہ س )۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے نہیں بلکہ ایران کے کنٹرول میں ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ بحرین میں ہونے والا کوئی بھی فوجی اجلاس خلیج فارس کے لیے نہ تو قانونی نظام قائم کر سکتا ہے اور نہ ہی سیکیورٹی کا ضامن بن سکتا ہے۔
کاظم غریب آبادی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز ایران کے اختیار میں ہے، سینٹ کام کے نہیں۔ بحرین میں منعقد ہونے والا فوجی اجلاس خلیج فارس کے لیے قانونی نظام اور سیکیورٹی قائم نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن و استحکام بیرونی مداخلتوں کے خاتمے، امریکہ کے انخلا، ممالک کی خودمختاری کے احترام اور نئی جغرافیائی و سیاسی حقیقتوں کو تسلیم کرنے سے ممکن ہوگا، نہ کہ امریکہ کی چھتری تلے۔
یہ بیان ایرانی نائب وزیر خارجہ کی جانب سے ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سیکیورٹی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بین الاقوامی توجہ مرکوز ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ