جموں و کشمیر میں مانسون کی آمد کے ساتھ ہی کئی مقامات پر سیلاب کی صورتحال
جموں, 02 جولائی (ہ س)۔ جموں و کشمیر اور لداخ میں جنوب مغربی مانسون کی آمد کے پہلے ہی دن شدید بارشوں اور چھ مختلف مقامات پر بادل پھٹنے کے واقعات نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ ڈوڈہ، کشتواڑ، بانڈی پورہ، اننت ناگ اور دیگر علاقوں میں اچانک آنے والے سیل
Flood


جموں, 02 جولائی (ہ س)۔ جموں و کشمیر اور لداخ میں جنوب مغربی مانسون کی آمد کے پہلے ہی دن شدید بارشوں اور چھ مختلف مقامات پر بادل پھٹنے کے واقعات نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ ڈوڈہ، کشتواڑ، بانڈی پورہ، اننت ناگ اور دیگر علاقوں میں اچانک آنے والے سیلاب اور ملبے کے باعث متعدد سڑکیں بند ہو گئیں جبکہ کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

محکمہ موسمیات سرینگر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے جموں و کشمیر اور لداخ میں مانسون کی باضابطہ آمد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سال مانسون معمول کے مطابق وقت پر پہنچا ہے۔

کشتواڑ ضلع میں خراب موسمی حالات کے پیش نظر مچیل یاترا اور منڈل یاترا کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ کٹرا اور سانجھی چھت کے درمیان ہیلی کاپٹر سروس بھی بادلوں اور خراب موسم کی وجہ سے متاثر رہی۔ڈوڈہ ضلع کے بھلیسہ علاقے کے کالجوگاسر اور سیرو میں دو مقامات پر بادل پھٹنے سے اچانک سیلاب آ گیا، جس سے کئی دیہات کا سڑک رابطہ منقطع ہو گیا۔ کشتواڑ کے سرتھل علاقے کے گہان اور مچی پال میں بھی بادل پھٹنے کے واقعات پیش آئے، جہاں شدید بارش اور ملبے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے گریز کی تلیل وادی میں جادیگے نالے کے قریب بادل پھٹنے سے آنے والے سیلاب نے کلشے–جادیگے سڑک کو شدید نقصان پہنچایا، جبکہ کشن گنگا نالے میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھ گئی۔ تحصیلدار تلیل جاوید احمد ڈار نے بتایا کہ نقصانات کا جائزہ لینے اور سڑک کی جلد بحالی کے لیے ٹیمیں تعینات کی جائیں گی، جبکہ نالوں کے کنارے رہنے والے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے لرنو علاقے کے گریدرمن گاؤں میں بھی موسلادھار بارش کے بعد اچانک سیلاب آیا، جس سے پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔ اس دوران مقامی اسکول میں موجود طلبہ کو گاؤں کے لوگوں نے بروقت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

ادھر لداخ کے کرگل ضلع میں شافت نالے میں سیلاب آنے سے ملبہ زنسکار–کرگل شاہراہ پر آ گیا، جس کے باعث سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ اسی طرح ضلع کٹھوعہ میں بنی–بسوہلی شاہراہ بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تقریباً پانچ گھنٹے تک بند رہی۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ و محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande