
کولکاتا، 2 جولائی (ہ س)۔ پولیس نے ترنمول کانگریس کے کونسلر دیبراج چکرورتی کو جبراً وصولی اور دیگر الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے۔ جمعرات کو عدالت میں پیشی کے لئے لائے جانے کے دوران عدالت کے احاطے میں احتجاج ،مظاہرے اور ہنگامہ آرائی دیکھنے کو ملی۔ مظاہرین نے ان پر انڈے پھینکے۔ اگرچہ انڈے براہ راست دیبراج چکرورتی کو نہیں لگے ، لیکن وہ پولیس کی گاڑی اور وہاں تعینات پولیس اہلکاروں کی وردیوں پر جا گرے ۔
عینی شاہدین کے مطابق جب دیبراج چکرورتی کو سخت حفاظتی انتظامات میں عدالت کے احاطے میں لایا جا رہا تھا تو کچھ لوگوں نے اچانک ان پر انڈے پھینکنا شروع کر دیے۔ صورتحال بگڑتی دیکھ کر پولیس نے فوری طور پر حفاظتی حصار مزید سخت کر دیا۔ اس دوران دیبراج چکرورتی ہیلمٹ پہنے ہوئے تیزی سے عدالت کے اندرچلے گئے۔
اس واقعہ سے عدالت کے احاطے میں تھوڑی دیر کے لیے کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ پولیس نے مظاہرین کو ہٹا کر اور کونسلر کو بحفاظت کمرہ عدالت تک پہنچا کر صورتحال پر قابو پالیا۔ واقعہ کے بعد عدالت کے احاطے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور انڈے پھینکنے والوں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس واقعہ نے عدالتی احاطے میں سکیورٹی انتظامات اور سیاسی تناو¿ کے بارے میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد