
جموں, 02 جولائی (ہ س)حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کے خلاف ڈوڈہ میں مختلف طبقۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی مقدسات کی توہین کسی بھی صورت میں قابلِ قبول نہیں اور ایسے اقدامات سے ملک کے امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
احتجاج کے دوران مقررین نے کہا کہ گستاخانہ بیان سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی جرات نہ کرے۔
مقررین نے اس موقع پر دیسہ میں پیش آئے حالیہ واقعے کی بھی مذمت کی، جہاں ایک مخصوص طبقے کی مورتی کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب کی مقدس شخصیات، عبادت گاہوں یا مذہبی علامات کی بے حرمتی قابلِ مذمت ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
مظاہرین نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ فرقہ وارانہ منافرت اور اشتعال انگیزی پھیلانے والے عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ علاقے میں امن، بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر