ناگپور سے چوری ہونے والی بس امراؤتی سے برآمد، بین الریاستی بس چور گرفتار
امراؤتی، 2 جولائی (ہ س) ناگپور کے امام واڑہ بس اسٹینڈ سے چوری کی گئی تقریباً ایک کروڑ 53 لاکھ روپے مالیت کی بس کو راجاپیٹھ پولیس نے چند ہی گھنٹوں میں برآمد کرتے ہوئے ایک بین الریاستی بس چور کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے چوری شدہ بس ضبط کر لی ہے جبک
Crime  Stolen Shivai Bus Recovered


امراؤتی، 2 جولائی (ہ س) ناگپور کے امام واڑہ بس اسٹینڈ سے چوری کی گئی تقریباً ایک کروڑ 53 لاکھ روپے مالیت کی بس کو راجاپیٹھ پولیس نے چند ہی گھنٹوں میں برآمد کرتے ہوئے ایک بین الریاستی بس چور کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے چوری شدہ بس ضبط کر لی ہے جبکہ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے ناگپور پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق راجاپیٹھ پولیس اسٹیشن کے بیٹ مارشل سارانگ آدمنے اور وجے دھروے کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ رجسٹریشن نمبر ایم ایچ 49 بی ایچ 8258 والی چوری شدہ شیوائی بس نندا مارکیٹ علاقے میں کھڑی ہے۔ اسی دوران اطلاع ملی کہ مشتبہ ملزم گدرے چوک کے اطراف موجود ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بس اور ملزم دونوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنی شناخت وشنو گنپتی نیلاور، عمر 23 سال، ساکن ڈھائیت نگر، ضلع رنگا ریڈی، تلنگانہ کے طور پر بتائی۔ اس نے اعتراف کیا کہ یکم جولائی کی علی الصبح تقریباً ایک بجے اس نے ناگپور کے امام واڑہ بس اسٹینڈ سے بس چوری کی تھی۔ تفتیش کے دوران ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ وہ تلنگانہ، حیدرآباد اور آندھرا پردیش میں تقریباً 20 بسیں چوری کر چکا ہے۔ اس نے ناندیڑ بس ڈپو سے بھی ایک بس چوری کرنے کا اعتراف کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف ناندیڑ اور آندھرا پردیش کی مختلف پولیس تھانوں میں بس چوری کے متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم چوری کی گئی بسوں سے بیٹری، ٹائر اور دیگر قیمتی پرزے نکال کر فروخت کر دیتا تھا، جبکہ باقی بس کو مختلف مقامات پر چھوڑ کر فرار ہو جاتا تھا۔ اس معاملے میں ناگپور کے گنیش پیٹھ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج ہے۔ گرفتار ملزم اور برآمد شدہ بس کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے ناگپور پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

یہ کارروائی پولیس کمشنر راکیش اولا، ڈپٹی پولیس کمشنر شیام گھوگے اور اسسٹنٹ پولیس کمشنر سنجے خطالے کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔ کارروائی میں سینئر پولیس انسپکٹر سندیپ چوہان، پولیس انسپکٹر امیش منڈے، سب انسپکٹر نتین شندے، بیٹ مارشل ٹیم اور ڈی بی اسکواڈ نے اہم کردار ادا کیا۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande