
محکمہ صحت میں بھرتی گھوٹالہ میں کرائم برانچ کشمیر نے چارج شیٹ عدالت میں پیش کیسرینگر، 2 جولائی (ہ س):۔ کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اقتصادی جرائم ونگ کشمیر نے جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ کا استعمال کرکے محکمہ صحت میں مبینہ طور پر سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے الزام میں چار افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔حکام کے مطابق، آر پی سی کی دفعہ 420، 468 اور 471 کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 16/2014 میں چارج شیٹ کو فاریسٹ مجسٹریٹ، سری نگر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزمان کی شناخت شجاع جیلانی ساکنہ پامپوش کالونی چھانہ پورہ سری نگر، محمد اقبال عمر کالونی لال نگر چھانہ پورہ سری نگر، نثار احمد وانی ساکنہ مالواڑی پلوامہ اور ریاض احمد شاہ ساکنہ مڈورا، اونتی پورہ، پلوامہ کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ کیس ایک شکایت سے شروع ہوا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ چاروں ملزمان نے جعلی تعلیمی اسناد کی بنیاد پر سروسز سلیکشن ریکروٹمنٹ بورڈ کے ذریعہ منتخب ہونے کے بعد محکمہ صحت میں مختلف عہدوں پر تقرریاں حاصل کی تھیں۔ تفتیش کے دوران، کرائم برانچ نے پایا کہ بھرتی کے عمل کے دوران ملزمان کی طرف سے جمع کرائے گئے تعلیمی سرٹیفکیٹ اور متعلقہ دستاویزات جعلی تھے اور سرکاری ریکارڈ سے میل نہیں کھاتے تھے۔ تصدیق کے بعد ان کی تقرریوں کو منسوخ کر دیا گیا۔ تفتیش میں مزید ثابت ہوا کہ ملزمین نے جعلی دستاویزات بنا کر بے ایمانی سے سرکاری ملازمت حاصل کی، اس طرح حکام کو دھوکہ دیا اور قانون کی خلاف ورزی کی۔ کافی شواہد اکٹھے کرنے کے بعد، اقتصادی جرائم ونگ نے عدالتی کارروائی کے لیے مجاز عدالت میں چارج شیٹ دائر کی۔ دریں اثنا، کرائم برانچ نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ معاشی دھوکہ دہی کے خلاف چوکس رہیں اور ایسے جرائم کی اطلاع فوری طور پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، اکنامک آفینس ونگ کشمیر کو دیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir