
وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے پٹنہ میٹرو کے ملاہی پکڑی میٹرو اسٹیشن کا افتتاح کیاپٹنہ، 2 جولائی (ہ س)۔ وزیر اعلی سمراٹ چودھری نے جمعرات کے روز پٹنہ میٹرو کے ملاہی پکڑی میٹرو اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ اس میٹرو سروس کو بھوت ناتھ روڈ اسٹیشن تک توسیع دی گئی ہے۔ افتتاح کے بعد وزیر اعلیٰ خود ملاہی پکڑی سے بھوت ناتھ روڈ اسٹیشن تک میٹرو ٹرین میں سوار ہوئے۔ ان کے ساتھ نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری اور بیجندر پرساد یادو بھی تھے۔ ملاہی پکڑی اور بھوت ناتھ روڈ اسٹیشن کے درمیان فاصلہ تقریباً تین کلومیٹر ہے۔ مقامی رہائشی کئی مہینوں سے اس اسٹیشن کے کھلنے کا انتظار کر رہے تھے۔ اب افتتاح کے ساتھ ہی عام مسافر بھی ملاہی پکڑی اسٹیشن سے میٹرو خدمات سے استفادہ کر سکیں گے۔ ملاہی پکڑی اسٹیشن کے کھلنے کے ساتھ اب کوریڈور پرکل چار میٹرو اسٹیشن - ملاہی پکڑی، بھوت ناتھ، زیرو مائل اور بیریا آئی ایس بی ٹی پر خدمات دستیاب ہوں گی۔ملاہی پکڑی سے بریریا آئی ایس بی ٹی تک 6.2 کلومیٹر کا فاصلہ صرف 16 منٹ میں طے کیا جا سکے گا۔ میٹرو سروس صبح 8 بجے سے شام 8 بجے تک ہر 35 منٹ پر دستیاب ہوگی۔ فی الحال اس روٹ پر صرف ایک میٹرو ٹرین چلے گی۔ ملاہی پکڑی سے بیریا آئی ایس بی ٹی تک کے سفر کا کرایہ 30 روپے مقرر کیا گیا ہے، جو فی الحال اس روٹ کا زیادہ سے زیادہ کرایہ ہے۔ یہ توسیع خاص طور پر کنکڑباغ، راجندر نگر اور آس پاس کے علاقوں کے رہائشیوں کو خاصی راحت فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ کی آمد کے پیش نظر ملاہی پکڑی میٹرو اسٹیشن پر سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے تھے۔ افتتاح سے قبل اسٹیشن کو پرکشش انداز میں سجایا گیا تھا۔ اس توسیع کے ساتھ پٹنہ میٹرو اب بھوت ناتھ سے آگے کنکڑ باغ اور راجندر نگر جیسے بڑے رہائشی علاقوں تک اپنی پہنچ کو وسعت دے گی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan