
آشا بھوسلے کے نام سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینے کا اعلانممبئی، 2 جولائی (ہ س)۔ مہاراشٹر حکومت نے موسیقی کے شعبے میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والے فنکاروں کے اعزاز کے لیے معروف گلوکارہ آشا بھوسلے کے نام سے سور سمراجنی آشا بھوسلے جیون گورو ایوارڈ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزیر برائے ثقافتی امور آشیش شیلار نے جمعرات کو اسمبلی میں اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ ان ممتاز فنکاروں کو دیا جائے گا جنہوں نے طویل عرصے تک گائیکی اور موسیقی کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔وزیر آشیش شیلار نے بتایا کہ اس ایوارڈ کے تحت منتخب فنکار کو 10 لاکھ روپے نقد، شال اور شری پھل پیش کرکے اعزاز سے نوازا جائے گا۔ ایوارڈ کے لیے اہلیت کے اصول طے کرنے اور مستحق فنکاروں کا انتخاب کرنے کے لیے گائیکی اور موسیقی کے شعبے سے وابستہ ماہرین پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز ہر سال 8 ستمبر کے آس پاس آشا بھوسلے کی سالگرہ کے موقع پر پیش کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد ان سینئر اور ممتاز فنکاروں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی موسیقی اور گائیکی کے فروغ کے لیے وقف کر دی۔آشیش شیلار نے کہا کہ مہاراشٹر موسیقی، تھیٹر، ادب، فلم، لوک فنون اور دیگر ثقافتی شعبوں کی ایک شاندار روایت کا حامل ہے۔ ریاست کے بے شمار فنکاروں نے ہندوستانی موسیقی کو نئی شناخت دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کی خدمات کی بدولت مہاراشٹر کی ثقافتی شناخت قومی اور بین الاقوامی سطح تک پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آشا بھوسلے ہندوستانی موسیقی کی ایک لازوال اور غیر معمولی شخصیت ہیں، جنہوں نے آٹھ دہائیوں سے زائد عرصے تک متعدد ہندوستانی زبانوں میں اپنی آواز کا جادو بکھیرتے ہوئے موسیقی کی دنیا میں ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی گائیکی نے نہ صرف ہندوستانی موسیقی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا بلکہ عالمی سطح پر بھی اسے منفرد شناخت دلائی۔وزیر نے مزید کہا کہ حکومت کو یقین ہے کہ آشا بھوسلے کے نام سے شروع کیا جانے والا یہ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ نئی نسل کے فنکاروں کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنے گا، جبکہ عمر بھر موسیقی کی خدمت کرنے والے سینئر فنکاروں کی خدمات کو باوقار انداز میں تسلیم کرنے کی ایک اہم روایت بھی قائم ہوگی۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے