
علی گڑھ, 2 جولائی (ہ س)علی گڑھ میونسپل کارپوریشن نے شہر کی تقریباً 64 ہزار ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس کو جدید آٹومیشن سسٹم سے منسلک کر دیا ہے۔ میئر پرشانت سنگھل اور میونسپل کمشنر پریم پرکاش مینا نے انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (آئی سی سی سی) سے اس جدید نظام کا افتتاح کیا، جس کے بعد شہر کی اسٹریٹ لائٹس کی 24 گھنٹے آن لائن نگرانی ممکن ہو گئی ہے۔میونسپل کمشنر پریم پرکاش مینا نے بتایا کہ تقریباً 37.37 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار اس منصوبے کے تحت 1432 سی سی ایم ایس (CCMS) نصب کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے اسٹریٹ لائٹس سورج غروب ہوتے ہی خودکار طور پر روشن اور طلوع آفتاب پر بند ہو جائیں گی۔ اس نظام سے بجلی کی بچت کے ساتھ ساتھ خراب یا بند اسٹریٹ لائٹس کی فوری نشاندہی بھی ممکن ہوگی انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی سی میں تعینات ٹیم 24 گھنٹے تین شفٹوں میں نگرانی کرے گی اور خراب اسٹریٹ لائٹس کو8 سے 12 گھنٹے کے اندر درست کرنا متعلقہ ایجنسی کی ذمہ داری ہوگی۔ مقررہ وقت میں خرابی دور نہ ہونے پر ایجنسی پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ میونسپل کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی مقام پر اسٹریٹ لائٹ خراب ہو تو وہ میونسپل کارپوریشن کی ہیلپ لائن 1533 یا علی گڑھ نگر سیوا ایپ کے ذریعے اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔ اس موقع پر میئر پرشانت سنگھل نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ نظام شہر میں بہتر روشنی، توانائی کے مؤثر استعمال، شہریوں کی حفاظت اور شکایات کے فوری ازالے کی سمت ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں متعدد کارپوریٹرز، افسران اور متعلقہ محکموں کے اہلکار بھی موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ