
علی گڑھ, 2 جولائی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سابق طالب علم اور ڈونر رکن مسٹر محمد جاوید اکمل نے یونیورسٹی کے اینڈومنٹ فنڈ میں 3 لاکھ روپے کا عطیہ دے کر اپنی والدہ مرحومہ کی یاد میں ‘‘مسز صوفیہ اکمل اسکالرشپ’’ کا آغاز کیا ہے، جس کا ہدف باصلاحیت طالبات کی مدد کرنا ہے۔
تعلیمی سال 2026-27 سے اے ایم یو کے ویمنس کالج میں بی اے (اسلامک اسٹڈیز) کی کل وقتی ہندوستانی طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر 4 وظائف دیے جائیں گے۔ ہر طالبہ کو 500 روپے ماہانہ دئے جائیں گے۔ وظیفہ حاصل کرنے والی طالبات کا انتخاب ہر سال یومِ سرسید کے موقع پر 3 مرحلوں پر مشتمل تعلیمی کارکردگی و اسکالرشپ ٹسٹ اور مینیجنگ و سلیکشن کمیٹی کے سامنے انٹرویو کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
مسٹر محمد جاوید اکمل نے اس سے قبل سال 2002 میں اپنے والد مرحوم کی یاد میں قائم 2 وظائف کے لئے اضافی فنڈ فراہم کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے کانفرنس ہال کی تزئین و آرائش کے لیے بھی مالی تعاون فراہم کیا، جسے ‘پروفیسر این اکمل ایوبی کانفرنس ہال’ کا نام دیا گیا۔ اس ہال کا افتتاح فروری 2025 میں وائس چانسلر کے بدست عمل میں آیا۔
مذکورہ اسکالرشپ مسز صوفیہ اکمل کی یاد میں قائم کی گئی ہے، جو ہمدردی اور فلاحی جذبے سے معمور تھیں اور دوسروں کی تعلیم و بہبود کے تئیں فکرمند رہا کرتی تھیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ