کوہلی اور گمبھیر کے درمیان کسی برج کی ضرورت نہیں: سیتانشو کوٹک
کوہلی اور گمبھیر کے درمیان کسی برج کی ضرورت نہیں: سیتانشو کوٹک کارڈف، 17 جولائی (ہ س)۔ ہندوستان کے بلے بازی کوچ سیتانشوکوٹک نے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیراوراسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کے درمیان اختلافات کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے
ہندوستان کے بلے بازی کوچ سیتانشو کوٹک


کوہلی اور گمبھیر کے درمیان کسی برج کی ضرورت نہیں: سیتانشو کوٹک

کارڈف، 17 جولائی (ہ س)۔

ہندوستان کے بلے بازی کوچ سیتانشوکوٹک نے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیراوراسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کے درمیان اختلافات کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان باقاعدہ بات چیت ہوتی ہے اورانہیں کسی ثالث کی ضرورت نہیں ہے۔

انگلینڈ کے خلاف دوسرے یک روزہ میچ میں ہندوستان کی چار وکٹ سے شکست کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں کوٹک نے واضح کیا کہ پریکٹس سیشن کے دوران وراٹ کوہلی سے ان کی بات چیت صرف بلے بازی سے متعلق تکنیکی پہلووں پر تھی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ گوتم گمبھیراور وراٹ کوہلی کے درمیان رابطے کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں، تو کوٹک نے کہا، ’’نہیں، وراٹ اور گوتم آج ہی شاید 12-10 بار بات کر چکے ہوں گے۔ مجھے نہیں لگتا کہ انہیں کسی برج کی ضرورت ہے‘‘۔

کوٹک نے بتایا کہ وراٹ نے خود بلے بازی سے متعلق کچھ پہلووں پر ان سے گفتگو کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اتنے تجربہ کار بلے باز کو بلا ضرورت تکنیکی مشورہ دینا مناسب نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا، ’’وراٹ بلے بازی کے لیے جانے سے پہلے کچھ چیزوں پر بات کرنا چاہتے تھے۔ ایمانداری سے کہوں تو جب تک انہیں خود کسی بات کی ضرورت محسوس نہ ہو یا کوئی بڑا تکنیکی پہلو نظر نہ آئے، تب تک ان کی بلے بازی میں زیادہ دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے فٹ ورک اور کچھ دیگر پہلووں کو لے کر مجھ سے گفتگو کی تھی اور نیٹس کے بعد بھی اسی موضوع پر بات ہوئی‘‘۔

کوٹک نے کوہلی اور گمبھیر کے تعلقات کو لے کر چل رہی باتوں کو بھی سرے سے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا، ’’ان افواہوں کی بات کریں تو مجھے نہیں معلوم کہ یہ کہاں سے آتی ہیں، لیکن آتی ضرور ہیں‘‘۔

میچ کی بات کریں تو صوفیہ گارڈنز، کارڈف میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں انگلینڈ نے ہندوستان کو چار وکٹ سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ 234 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جو روٹ نے ناٹ آوٹ 99 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے ول جیکس (30) کے ساتھ 72 رن کی اہم شراکت داری کی، جبکہ گس اٹکنسن 23 رن بنا کر ناٹ آوٹ لوٹے۔ انگلینڈ نے ہدف تقریباً چھ اوور پہلے ہی حاصل کر لیا۔

اس سے پہلے ہندوستان نے وراٹ کوہلی (65) اورشرییاس ایر (66) کی نصف سنچریوں کی بدولت 44 اوور میں 233 رن بنائے تھے۔ شبھمن گل نے 31 اور روہت شرما نے 26 رن بنائے، جبکہ بیمار کے ایل راہل کی جگہ کھیلنے والے ایشان کشن صرف ایک رن بنا سکے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور گس اٹکنسن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ثاقب محمود کو دو کامیابیاں ملیں۔

اب تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا فیصلہ 19 جولائی کو لارڈز میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری مقابلے میں ہوگا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande