
نئی دہلی، 17 جولائی (ہ س)۔عوامی شعبے کے سینٹرل بینک آف انڈیا نے رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلی سہ ماہی (اپریل-جون) کے لیے بینک کا خالص منافع 13فیصد بڑھ کر 1,324 کروڑ روپے ہو گیا۔ بینک نے گزشتہ مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی میں 1,169 کروڑ روپے کا خالص منافع کمایا تھا۔
سنٹرل بینک آف انڈیا نے جمعہ کو اسٹاک ایکسچینج کو مطلع کیا کہ اس کی کل آمدنی 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی موجودہ مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں بڑھ کر 10,678 کروڑ روپے ہوگئی، جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں 10,360 کروڑ روپے تھی۔ اس مدت کے دوران، بینک کی سودکی آمدنی بڑھ کر 9,691 کروڑ روپے ہوگئی، جو کہ گزشتہ مالی سال کی جون سہ ماہی میں 8,589 کروڑ روپے تھی۔
بینک کا آپریٹنگ منافع پہلی سہ ماہی میں گھٹ کر 2,186 کروڑ روپے رہ گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2,304 کروڑ روپے تھا۔ اس عرصے کے دوران بینک کے اثاثوں کے معیار میں بہتری آئی۔ مجموعی نان پرفارمنگ اثاثہ جات (این پی اے) پہلی سہ ماہی کے اختتام پر گراس ایڈوانس کے 2.60 فیصد تک گر گیا جو پچھلے مالی سال میں 3.13 فیصد تھا۔ بینک کا خالص این پی اے 30 جون 2026 تک 0.49فیصد پر مستحکم رہے۔
بینک کے مطابق، جون 2025 کے آخر میں 468 کروڑ روپے سے پہلی سہ ماہی میں خراب قرضوں کی فراہمی کم ہو کر 346 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ اس عرصے کے دوران، بینک کا سرمائے کی مناسبیت کا تناسب بڑھ کر 18.28فیصد ہو گیا، جو مالی سال 2025-26کی پہلی سہ ماہی کے اختتام پر 17.66 فیصد تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد