
نئی دہلی، 15 جولائی (ہ س)۔
بھارت رتن، مجاہد آزادی اور تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلی کے کامراج کے 124 ویں یوم پیدائش کے موقع پر، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور قوم کی تعمیر میں ان کی تاریخی شراکت کو یاد کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کے کامراج کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا، انہیں ہندوستان کی تحریک آزادی کے ایک مضبوط ستون اور ایک غیر معمولی عوامی شخصیت کے طور پر یاد کیا جس نے اپنی زندگی قوم کی تعمیر کے لیے وقف کردی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ تعلیم، جامع ترقی اور پسماندہ افراد کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔
خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی نے انہیں ایک وژنری لیڈر کے طور پر بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کامراج نے اپنی زندگی پسماندہ افراد کی ترقی اور ان کے وقار اور حقوق کے تحفظ کے لیے وقف کردی۔ ان کی سماجی انصاف اور بے لوث عوامی خدمت کی میراث ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ کے کامراج کی پیدائش 15 جولائی 1903 کو تمل ناڈو کے ویرودھونگر میں ہوئی تھی۔ وہ ہندوستانی تحریک آزادی کے ممتاز رہنما تھے اور بعد میں تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ بنے۔ ان کے دور میں، تعلیم کے میدان میں وسیع پیمانے پر اصلاحات کی گئیں، ہزاروں نئے اسکول کھولے گئے اور غریب بچوں کو اسکول کی طرف راغب کرنے کے لیے مڈ ڈے میل جیسی اسکیموں کو فروغ دیا گیا۔ ان کی تنظیمی مہارت اور کفایت شعاری نے انہیں ہندوستانی سیاست میں بڑے پیمانے پر وقار بخشا ۔ 1976 میں، انہیں بعد از مرگ بھارت رتن سے نوازا گیا، جو ملک کا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ