
امپھال، 15 جولائی (ہ س)۔ منی پور کے سینا پتی ضلع میں آسام رائفلز کے کمپنی آپریٹنگ بیس (سی او بی) کے باہر ایک احتجاج منگل کی رات پرتشدد ہو گیا، جس میں کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی اور آسام رائفلز کے ایک ٹرک کو الٹ دیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، سوشل میڈیا پر اوکلونگ گاو¿ں کے ماو-مارام سب ڈویژن میں آسام رائفلز اور ناگا آرمی کے ہتھرونگ بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے درمیان مبینہ ٹکراو کی گردش کرنے والی خبروں کے بعد مظاہرین کی ایک بڑی تعداد سینا پتی ٹریفک پوائنٹ پر جمع ہوگئی۔ اس کے بعد مظاہرین آسام رائفلز کیمپ کی طرف مارچ کرتے ہوئے اوکلونگ علاقے سے سیکورٹی فورسز کی واپسی کا مطالبہ کرنے لگے۔
احتجاج کے دوران کیمپ کے باہر کھڑی ایک آلٹو کار اور قریبی ویٹنگ روم کو آگ لگا دی گئی۔ اس کے بعد ، اوکلونگ سے آسام رائفلز کے ہٹنے کی اطلاع سامنے آنے کے بعد واپس آنے والی سیکورٹی گاڑیوں پر بھی مبینہ طور پر حملہ کیا گیا۔ آسام رائفلز کا ایک ٹرک الٹ دیاگیا اور دو جپسی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔
صورتحال مزید بگڑنے پر سیکورٹی فورسز نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے۔ تاہم، واقعے کے پس منظر، نقصان کا درست اندازہ ، جانی نقصان اور ہلاکتوں یا زخمیوں کی سرکاری طور پر اطلاع نہیں دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد