
کولکاتا، 15 جولائی (ہ س)۔ شمالی بنگال اور جنوبی بنگال کے بیشتر اضلاع میں مانسون ایک بار پھر پوری طرح سے سرگرم ہو گیا ہے۔ علی پور میں علاقائی موسمیاتی مرکز کی طرف سے بدھ کو جاری کردہ ایک خصوصی بلیٹن کے مطابق، شمالی وسطی خلیج بنگال اور اس سے ملحقہ بنگلہ دیش کے ساحل پر ایک سائیکلونک ایریا سرگرم ہے، جس کے اگلے 24 گھنٹوں کے اندر کم دباو والے ایریامیں تبدیل ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس کی وجہ سے اگلے چار دنوں تک ریاست میں بڑے پیمانے پر بارش اور تیز آندھی طوفان کی صورتحال جاری رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، جنوبی بنگال کے تمام اضلاع میں زیادہ تر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوچھاریں پڑ ہوسکتی ہیں ۔ خاص طور پر شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی میدینی پور اور جھارگرام اضلاع میں ایک یا دو مقامات پر بھاری بارش (7 سے 11 سینٹی میٹر) کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ ان اضلاع میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ کولکاتا سمیت جنوبی بنگال کے دیگر اضلاع میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
شمالی بنگال کے پہاڑی علاقوں میں بھی مانسون کا اثر بڑھ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے دارجلنگ اور جلپائی گوڑی اضلاع میں بھاری بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ، کلمپونگ، علی پوردوار، اور کوچ بہار سمیت ذیلی ہمالیائی علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش کی توقع ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے تیستا، تورسا اور جلڈھاکہ سمیت بڑی ندیوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے۔
کم دباؤ والے علاقے کے اثر کی وجہ سے شمالی خلیج بنگال اور مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں میں سمندری حالات انتہائی خراب رہنے کی توقع ہے۔ ساحلی علاقوں میں 35 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جو جھونکے کے ساتھ 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حفاظتی وجوہات کی بنا پر 15 جولائی سے 18 جولائی تک سمندر میں نہ جائیں۔
کولکاتا اور آس پاس کے علاقوں میں بدھ کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور درمیان میں بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوچھاریں پڑنے کا امکان ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کی توقع ہے۔ زیادہ نمی کی وجہ سے بارش سے پہلے لوگوں کو حبس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد