
گوہاٹی، 15 جولائی (ہ س)۔ آسام میں سیلاب کی صورتحال بدتر ہوتی جارہی ہے۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) کے مطابق، 15 جولائی تک مرنے والوں کی تعداد چار ہو گئی ہے، وہیں متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً چار گنا بڑھ کر 37,032 ہو گئی ہے۔
سونیت پور ضلع کے چاریدوار ریونیو سرکل سے سیلاب سے متعلق تازہ ترین موت کی اطلاع ملی ہے۔
مہلوکین میں سے ایک 13جولائی کولاپتہ ہوگیا تھا،14جولائی کو ان کی لاش برآمد ہوئی۔
تازہ ترین اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے کیونکہ سیلاب کا پانی ریاست کے کئی حصوں میں پھیل رہا ہے۔ حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاو¿ کا کام جاری ہے۔
سونیت پور، ڈبرو گڑھ، لکھیم پور، دھیماجی، جورہاٹ اور شوساگر اضلاع کے 12 ریونیو حلقوں میں سیلاب سے 99 گاو¿ں متاثر ہوئے۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد 37,032 ہے جبکہ 1,103,943 ہیکٹر فصلیں زیر آب آ چکی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی تقسیم کے کل 20 مراکز کھولے گئے ہیں۔ ان مراکز کے ذریعے کل 6,984 رہائشیوں میں امدادی سامان تقسیم کیا جا چکا ہے۔
سیلاب سے ایک کچا مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے جبکہ 72 کچے مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ سونیت پور میں ایس ڈی آر ایف نے سیلاب میں پھنسے 16 لوگوں کو دو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر پہنچایا ہے۔ ایک طبی ٹیم سیلاب سے متاثرہ سونیت پور اور دو لکھیم پور میں تعینات کی گئی ہے۔ چار علاقوں میں سڑکوں سمیت انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی