
نئی دہلی، 14 جولائی (ہ س)۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ای-20 پیٹرول کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر دو اہم مطالبات پیش کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام پیٹرول پمپس پر خالص پیٹرول اور ای-20 دونوں دستیاب کیے جائیں، اور ای-20 پیٹرول کی قیمت عام پیٹرول سے کم رکھی جائے، کیونکہ اس کے کم مائلیج کی شکایات ہیں۔
اروند کیجریوال نے منگل کو پارٹی دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں ملک بھر میں لوگوں سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ ای-20 پیٹرول کے استعمال سے گاڑیوں کا مائلیج کم ہو رہا ہے اور گاڑیوں کے بہت سے پرزے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ اس کی روشنی میں انہوں نے وزیراعظم کو خط لکھ کر عوامی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خط میں عوامی تجاویز اور تکنیکی پہلوو¿ں پر تفصیل سے بات کرنے کے لیے وزیراعظم سے ملاقات کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ اس معاملے پر عام آدمی پارٹی نے آن لائن دستخطی مہم بھی شروع کی ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس مہم میں شامل ہوں اور اپنے تجربات شیئر کریں تاکہ انہیں وزیر اعظم کے سامنے پیش کیا جا سکے۔
کیجریوال نے پارٹی کارکنوں پر بھی زور دیا کہ وہ پٹرول پمپس اور سروس اسٹیشنوں کا دورہ کریں، لوگوں سے بات چیت کریں اور اپنے تجربات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی آواز بلند کرنے سے حکومت پر عوامی جذبات کو سننے کے لیے دباو¿ پڑے گا۔
کیجریوال نے این ای ای ٹی پیپر لیک پر جنتر منتر پر جاری احتجاج کی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہر ماحولیات سونم وانگچک تعلیمی نظام میں اصلاحات اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر ہیں۔ ان کی بگڑتی صحت تشویشناک ہے۔
کیجریوال نے کہا کہ عام آدمی پارٹی تحریک اور اس کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیپر لیک کو روکنے اور ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جمعرات کو شام پانچ بجے جنتر منتر پہنچ کر سونم وانگچک سے ملاقات کریں گے اور ان کی صحت کی روشنی میں ان سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کریں گے۔ کیجریوال نے کہا کہ وانگچک ملک کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں اور اس تحریک کو جمہوری طریقے سے آگے بڑھانے کے لیے دیگر آپشن موجود ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی