
نئی دہلی، 14 جولائی (ہ س)۔ سپریم کورٹ نے چارہ گھوٹالہ سے متعلق دیوگھر معاملے میں لالو پرساد یادو کی ضمانت منسوخ کرنے کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی درخواست کو خارج کر دیا ہے۔ جسٹس ایم ایم سندریش کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ ہائی کورٹ کے ضمانت کے حکم میں مداخلت کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
سپریم کورٹ نے کہاکہ ہائی کورٹ میں اپیل 2018 میں دائر کی گئی تھی، سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کو چھ ماہ میں اپیل نمٹانے کا حکم دیا۔ سی بی آئی نے 2018 میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں لالو یادو کی سزا کو بڑھانے کے لیے اپیل دائر کی تھی۔
سماعت کے دوران سپریم کورٹ نےکہاکہ اس معاملہ کے ملزمان کی عمر 60 سال سے زیادہ ہے۔ سماعت کے دوران اے ایس جی ایس وی راجو نے سی بی آئی کی نمائندگی کرتے ہوئے دلیل دی کہ ہائی کورٹ نے لالو پرساد یادو کی سزا کو معطل کرکے قانون کا غلط استعمال کیا ہے۔ یہ حکم غیر قانونی ہے۔
سماعت کے دوران، لالو پرساد یادو کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل کپل سبل نے کہا کہ اس معاملے میں کئی ملزم ہیں اور کچھ نے ابھی تک سی بی آئی کی درخواست کا جواب نہیں دیا ہے۔ بعض کو عدالت کے سمن بھی موصول نہیں ہوئے۔ عدالت نے پھر کہا، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ درخواست کیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سی بی آئی اور لالو پرساد یادو کے وکیل اس کے نتائج جانتے ہیں۔ آپ اپنا کام کریں اور ہم اپنا کر رہے ہیں۔
لالو پرساد یادو نے اپنے جواب میں سی بی آئی کی عرضی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہائی کورٹ کے حکم کو محض اس بنیاد پر چیلنج نہیں کیا جا سکتا کہ سی بی آئی اس فیصلے سے مطمئن نہیں ہے۔
سی بی آئی نے جھارکھنڈ کے دیوگھر خزانہ سے جڑے چارہ گھوٹالہ معاملے میں لالو یادو کو دی گئی جھارکھنڈ ہائی کورٹ کی ضمانت کو چیلنج کیا ہے۔ 2017 میں ٹرائل کورٹ نے لالو یادو کو پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔ ہائی کورٹ نے ان کی خراب صحت کا حوالہ دیتے ہوئے 2019 میں انہیں ضمانت دی تھی۔ سی بی آئی نے ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ لالو یادو کو کل چار مقدمات میں سزا سنائی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی