
۔ 28 موٹرسائیکل سوار اگلے 13 دنوں میں 1,900 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے اور 26 جولائی کو کرگل وار میموریل پہنچیں گے
نئی دہلی، 14 جولائی (ہ س)۔ کرگل وجے دیوس کی ملک گیر تقریبات کے تحت وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو نئی دہلی میں نیشنل وار میموریل سے لداخ کے دراس میں کرگل وار میموریل تک 13 روزہ ’شوریہ وجے یاترا‘ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس مہم میں حصہ لینے والے 28 موٹرسائیکل سوار شمالی ہمالیہ کے دشوار گزار خطوں کو عبور کرتے ہوئے 1,900 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔کرگل جنگ میں جیت دلانے والے ہندوستانی جانبازوں کی ہمت، عزم اور عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اس مہم کا نعرہ ’ون رائیڈ، ون نیشن، ون سیلوٹ‘ ہے۔
اپنے خطاب میں وزیر دفاع نے جانباز ہندوستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جرات، صبر، نظم و ضبط اور بے مثال حب الوطنی کا ایک سنہرا باب لکھا جسے دنیا بھر کی فوجیں آج بھی پڑھتی اور عزت دیتی ہیں۔ تقریباً 20,000 فٹ کی بلندی اور درجہ حرارت منفی 40 ڈگریسیلسیس گرنے پر بھی ہمارے سپاہیوں نے جرات سے اپنے مقاصد کو پورا کیا۔ انہوں نے دشمن کے قبضے سے ہر چوٹی، پہاڑی اور بنکر پر دوبارہ قبضہ کیا اور ترنگے کی عزت کو برقرار رکھا۔ یہ فتح ہماری سرزمین، شناخت اور عزت پر حملہ کرنے کی دشمن کی کسی بھی کوشش کا پوری طاقت سے جواب دینے کے ہندوستان کے پختہ عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے پرم ویر چکر اعزاز یافتہکیپٹن وکرم بترا، لیفٹیننٹ منوج کمار پانڈے، صوبیدار میجر (اعزازی کیپٹن) یوگیندر سنگھ یادو (ریٹائرڈ) اور صوبیدار میجر (اعزازی کیپٹن) سنجے کمار (ریٹائرڈ) سمیت تمام ہندوستانی جانبازوں کے جنگ میں فتح کو یقینی بنانے میں ان کے تعاون کے لئے انہیں یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہادر سپاہی ،نوجوانوں کے لیے باعث ترغیب ہیں اور آنے والی نسلوں کو متاثر کرتے رہیں گے۔ مہم کے دوران راستے میں بائیک سوار خصوصی فوجی یادگاروں پر خراج عقیدت پیش کریں گے، جن میں چنڈی مندر وار میموریل، ریزانگلا وار میموریل،اور لیہہ وار میموریل شامل ہیں۔ وہ ویر ناریوں کے ساتھ بات چیت بھی کریں گے اور ان کو اعزاز بھی دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ’شوریہ وجے یاترا‘ 26 جولائی کرگل وجے دیوس کو کارگل وار میموریل پر اختتام پذیر ہوگی۔ اس سفر کے دوران، بائیک سوار قومی جنگی یادگار سے مبارک مٹی سے بھرا ہوا کلش لے کر جائیں گے، جسے کارگل میں شہید جانبازوں کی یاد میں نذر کیا جائے گا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ جب یہاں کی مٹی کرگل کی مٹی سے ملے گی تو یہ ملک کی موجودہ نسل کے احترام اور ملک کے ہیروز کی بہادری کے سنگم کی علامت ہوگی۔ شوریہ وجے یاترا کی ایک خاص خصوصیت پر زور دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مختلف پس منظر، زبانوں اور روایات کے باوجود- ایک ترنگا، ایک ملک اور اپنے جانباز فوجیوں کے لیے ایک ہی احترام – یہ ہمارے ملک کی پہچان ہے۔
مہم کو روانہ کرنے کی تقریب میں نیشنل کیڈٹ کور کے کیڈٹس کی موجودگی میں وزیر دفاع نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ مہم لوگوں بالخصوص نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی کو نئے سرے سے ابھارے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے آنے والی نسلوں کو یہ پیغام جائے گا کہ قوم کی آزادی اور عزت نہ صرف سرحدوں پر محفوظ ہے بلکہ ہماری یادوں اور اقدار میں بھی محفوظ ہے۔ اس موقع پر چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجہ سبرامانی، آرمی چیف جنرل دھیرج سیٹھ اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد