
نئی دہلی، 14 جولائی (ہ س)۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے اڈیشہ میں سندر پدا بم دھماکہ معاملے کی تحقیقات کے تحت منگل کو بھونیشور اور آس پاس کے علاقوں میں تین مقامات پر چھاپے مارے۔ تلاشی کے دوران کئی ڈیجیٹل آلات اور دیگر مجرمانہ مواد برآمد کیا گیا، جنہیں فارنسک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
این آئی اے نے کہا کہ تلاشی مہم ان معلومات اور شواہد کی بنیاد پر چلائی گئی جو اس کیس میں پہلے گرفتار کیے گئے ایک ملزم سے حاصل ہوئے تھے۔ تفتیشی ایجنسی نے دیگر تکنیکی اور شواہد کا تجزیہ کرنے کے بعد ان مقامات کی نشاندہی کی۔
یہ معاملہ 27 جنوری 2026 کو بھونیشور کے سندرپدا کے آزاد نگر کالونی علاقے میں ہونے والے دھماکے سے متعلق ہے۔ ایک چار منزلہ عمارت کی چھت پر چار افراد مبینہ طور پر بم تیار کر رہے تھے کہ اچانک دھماکہ ہو گیا۔ واقعے میں چاروں افراد شدید زخمی ہوگئے۔
این آئی اے کے مطابق منگل کی تلاش کا مقصد بم بنانے میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد اور دیگر مواد کےذرائع کا تعین کرنا اور ان کے ممکنہ استعمال کی چھان بین کرنا تھا۔ ایجنسی ان مواد کی خریداری کے لیے فنڈنگ کی بھی چھان بین کر رہی ہے۔
یہ معاملہ ابتدائی طور پر بھونیشور کے ایئر فیلڈ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔ بعد میں تحقیقات اپریل 2026 میں این آئی اے کو منتقل کر دی گئی۔ ایجنسی اس معاملے میں شامل دیگر افراد کی شناخت اور کردار کی جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد