ادھو ٹھاکرے اور کیجریوال نے سونم وانگچک سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی
نئی دہلی، 14 جولائی (ہ س): شیو سینا ادھو بال ٹھاکرے گروپ (یو بی ٹی) کے صدر ادھو ٹھاکرے اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے جنتر منتر پر گزشتہ 17 دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی ب
ادھو ٹھاکرے اور کیجریوال نے سونم وانگچک سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی


نئی دہلی، 14 جولائی (ہ س): شیو سینا ادھو بال ٹھاکرے گروپ (یو بی ٹی) کے صدر ادھو ٹھاکرے اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے جنتر منتر پر گزشتہ 17 دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔

کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے سربراہ ابھیجیت دیپکے نے منگل کے روز ایکس پر پوسٹ کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ سونم وانگچک کئی دنوں سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور ان کی تمام جائز مطالبات کی حمایت کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کو فوری طور پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ کیجریوال نے مزید کہا کہ وہ جمعرات کو جنتر منتر جا کر سونم وانگچک سے ملاقات کریں گے اور ان سے درخواست کریں گے کہ وہ اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دیں۔

دوسری جانب، حامیوں کی جانب سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی جذباتی اپیلوں کے باوجود سونم وانگچک اپنے موقف پر قائم رہے۔ انہوں نے کہا، مجھ سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کے لیے مت کہیے، حکومت سے پوچھئے کہ وہ آخر مذاکرات کی میز پر آنے سے کیوں گریز کر رہی ہے؟

ادھو ٹھاکرے، اروند کیجریوال، سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو اور ترنمول کانگریس کی رکنِ پارلیمنٹ مہوا موئترا نے سی جے پی کی جانب سے جنتر منتر سے پارلیمنٹ تک نکالے جانے والے پرامن مارچ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

تحریک کے منتظمین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف ڈیجیٹل اظہارِ ہمدردی تک محدود نہ رہیں بلکہ سڑکوں پر نکل کر اس مارچ کو کامیاب بنائیں اور 70116 70115 پر مسڈ کال دے کر اپنی شرکت درج کرائیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ ملک بھر کے طلبہ مختلف مسائل اور انتظامی ناکامیوں کے خلاف مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جسے اپوزیشن کے کئی رہنماؤں کی حمایت بھی حاصل ہے۔ دوسری جانب سونم وانگچک اور جنتر منتر پر موجود طلبہ کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے اور ذمہ دار عہدوں پر فائز افراد استعفیٰ نہیں دیتے، تب تک ان کا یہ پُرامن احتجاج جاری رہے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande