
نئی دہلی، 14 جولائی (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو بدھ کے روز نئی دہلی میں واقع اکھل بھارتیہ آیوروید سنستھان (اے آئی آئی اے) میں منعقد ہونے والے تین روزہ بین الاقوامی سیمینار ’سوشروتم 2026‘ کا افتتاح کریں گی۔ وزارتِ آیوش کے تحت منعقد ہونے والا یہ سیمینار 15 سے 17 جولائی تک چلے گا، جبکہ 14 جولائی کو پری ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔
وزارتِ آیوش کے مطابق، اس پروگرام کا انعقاد سرجری کے موجد مانے جانے والے آچاریہ سشروت کے یومِ پیدائش کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔ سیمینار میں آیوروید اور جدید سرجری سائنس کے انضمام پر ملک اور بیرونِ ملک کے ماہرین تبادلۂ خیال کریں گے۔ پروگرام کے دوران این سی آئی ایس ایم کے ذریعے تیار کردہ ’’آیوروید مہیلا اسناتکوں کے پیشہ ور کیریئر کا مولیانکن‘‘ (آیوروید کی خاتون گریجویٹس کے پیشہ ورانہ کیریئر کا جائزہ) کے عنوان پر قومی مطالعہ جاری کیا جائے گا۔ ساتھ ہی 14.5 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کردہ جدید ترین 3-ٹیسلا ہائی فیلڈ ایم آر آئی سسٹم کا بھی افتتاح ہوگا، جس میں اے آئی سے لیس ورک فلو، بائیو میٹرکس اور جدید امیجنگ کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
تین روزہ سیمینار میں کلیدی خطابات، پینل مباحثے، ورکشاپس اور سائنسی تحقیقی مقالوں کی پیشکشیں منعقد ہوں گی۔ امراضِ مقعد، ری کنسٹرکٹو سرجری، انٹیگریٹڈ آنکولوجی، طبی و قانونی مسائل اور سرجری میں دانشورانہ ملکیت جیسے موضوعات پر خصوصی سیشن ہوں گے۔ اس کے علاوہ زخموں کے انتظام، اگنی کرم، کشار ستر اور مَرم چکتسا جیسے آچاریہ سشروت کے جراحی کے اصولوں پر بھی بحث کی جائے گی۔
اس بین الاقوامی تقریب میں تھائی لینڈ، اسرائیل، آسٹریا، یونائیٹڈ کنگڈم، سری لنکا، انڈونیشیا، نیپال، یونان اور ہندوستان کے نامور سرجن، ماہرینِ تعلیم اور محققین حصہ لیں گے۔ افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیرِ مملکت برائے آیوش (آزادانہ چارج) پرتاپ راو جادھو، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو، رکنِ پارلیمنٹ رام ویر سنگھ بدھوڑی اور وزارتِ آیوش کے سکریٹری ویدیہ راجیش کوٹیچا بھی موجود رہیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن