
رامبن میں موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ کی طرف سے کاروائی
جموں،13 جولائی (ہ س)۔
جموں سرینگر قومی شاہراہ پر مسافروں سے مبینہ طور پر زیادہ کرایہ وصول کرنے اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف محکمہ موٹر گاڑیاں رام بن نے پولیس کے اشتراک سے سیری رام بن میں خصوصی کارروائی انجام دی، جس دوران 13 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، ایک گاڑی ضبط کی گئی اور ایک ڈرائیونگ لائسنس کی معطلی کی سفارش کی گئی۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی موٹر گاڑی قانون کی دفعات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں جاری مہم کے تحت کی گئی۔ اس مقصد کے لیے سیری رام بن میں خصوصی ناکہ قائم کیا گیا، جہاں انفورسمنٹ ٹیم نے 83 سے زائد گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی۔ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ افسر ورون بھسین کی رہنمائی میں چلائی گئی اس مہم کے دوران مختلف خلاف ورزیوں پر 13 گاڑیوں کے ای چالان جاری کیے گئے، جن کے تحت متوقع جرمانے کی رقم 44 ہزار 400 روپے بنتی ہے۔ ٹیم نے ایک گاڑی ضبط کر لی، جبکہ سنگین خلاف ورزی کے مرتکب ایک ڈرائیور کے لائسنس کو معطل کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔
جانچ کے دوران مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنا، گنجائش سے زیادہ سواریاں بٹھانا، درست فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی چلانا، کارآمد اجازت نامے کے بغیر سڑک پر گاڑی دوڑانا اور اجازت نامے کی شرائط کی خلاف ورزی جیسی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ محکمہ موٹر وہیکل نے کہا کہ ضلع رام بن میں اس نوعیت کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ سڑکوں پر حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے، مسافروں کے مفادات کا تحفظ ہو اور ٹرانسپورٹ نظام میں نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔ محکمہ نے تمام ٹرانسپورٹ آپریٹروں سے موٹر وہیکل قانون کی مکمل پابندی کرنے اور عوام کو محفوظ و منصفانہ سفری سہولیات فراہم کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر