
ویلنگٹن ، یکم جولائی (ہ س)۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے بدھ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ تیز گیند باز میٹ فشر کو پہلی بار ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ انگلینڈ کے حالیہ ٹیسٹ ٹور سے باہر رہنے والے جیکب ڈفی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز 11 جولائی سے گیانا میں شروع ہو رہی ہے، پہلے تین میچز 11، 13 اور 16 جولائی کو کھیلے جائیں گے جبکہ آخری دو 19 اور 21 جولائی کو بارباڈوس میں کھیلے جائیں گے۔
26 سالہ میٹ فشر نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو اگست 2025 میں زمبابوے کے خلاف کیا تھا اور اس سال کے شروع میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے لسٹ اے کے 25 میچوں میں 26 کی اوسط سے 43 وکٹیں حاصل کیں۔
دریں اثنا ، جیکب ڈفی مارچ میں ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد پہلی بار نیوزی لینڈ کی ٹیم میں واپس آئے۔ ورلڈ کپ کے بعد، وہ آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے کھیلے ، لیکن اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز سے محروم رہے۔ہیڈ کوچ روب والٹر نے کہا ، ’ میٹ اور جیکب دونوں کو ٹیم میں شامل کرنے سے ہمیں تقویت ملے گی۔ پہلی بار ون ڈے ٹیم میں شامل ہونا میٹ کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ وہ تیز رفتاری سے گیند بازی کرتے ہیں اور میچ کے مختلف مراحل میں موثر ہونے کے لیے مسلسل اپنے تغیرات پر کام کر رہے ہیں۔‘انہوں نے ڈفی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ دو سالوں میں تمام فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ان کا تجربہ ٹیم کے لیے بہت کارآمد ثابت ہوگا۔
مچل سینٹنر ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ اسپن کے شعبہ میں مائیکل بریسویل ، جیڈن لینوکس، اور ڈین فاکس کرافٹ شامل ہیں۔ لینوکس نے اس سال جنوری میں ہندوستان کے خلاف بین الاقوامی سطح پر ڈیبیو کیا تھا اور یہ ان کا بیرون ملک محدود اوورز کا تیسرا دورہ ہوگا۔مائیکل بریسویل اور مارک چیپ مین بھی حالیہ بین الاقوامی اسائنمنٹس سے محروم ہونے کے بعد اسکواڈ میں واپس آئے ہیں۔نیوزی لینڈ نے مصروف شیڈول کے باعث فاسٹ باو¿لرز کائل جیمیسن، میٹ ہنری اور ول او رورک کو آرام دیا ہے۔ ٹخنے کی سرجری کی وجہ سے بلیئر ٹکنر دستیاب نہیں ہوں گے۔ڈیون کونوے اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کی وجہ سے دورے پر نہیں ہوں گے ، جبکہ راچن رویندرا بھی دستیاب نہیں ہوں گے کیونکہ وہ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) میں شرکت کریں گے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف نیوزی لینڈ کی یک روزہ ٹیم
مچل سینٹنر (کپتان) ، مائیکل بریسویل ، مارک چیپ مین ، کرسچن کلارک ، جیکب ڈفی ، میٹ فشر ، ڈین فاکس کرافٹ ، مچ ہے ، نک کیلی ، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر) ، جےڈن لیناکس ، ڈیرل مچل ، ہینری نکولس ،بین سیئرس، ناتھن اسمتھ اور ول ینگ ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan