
نئی دہلی، یکم جولائی (ہ س):۔
مرکزی خزانہ اور کارپوریٹ امور کی وزیر نرملا سیتا رمن بدھ کو فرانس کے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئیں۔ اس دورے کے دوران، وہ کئی اعلیٰ سطحی دو طرفہ میٹنگوں میں شرکت کریں گی جس کا مقصد ہندوستان-فرانس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنا، اقتصادی تعاون کو بڑھانا، اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تعاون اور اختراع کو فروغ دینا ہے۔
مرکزی وزیر خزانہ کے سرکاری دورے کے دوران ایک اہم تقریب ہندوستان-فرانس اقتصادی اور مالی بات چیت (ای ایف ڈی) ہوگی، جس کی مشترکہ صدارت سیتا رمن اور فرانسیسی وزیر برائے اقتصادیات، مالیات، اور صنعتی اور توانائی کی خودمختاری، رولینڈ لیسکور، ایکس ۔این پرووینس میں کریں گے ۔ای ایف ڈی کے تحت، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ممکنہ مواقع پر تبادلہ خیال کریں گے اور ہندوستان-فرانس اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔ مرکزی وزیر خزانہ منتخب عالمی سی ای اوز کے ساتھ ون آن ون میٹنگ کریں گی۔ ساتھ ہی وہ اہم بزنس ایگزیکیٹیوز کے ساتھ ایک گول میز بات چیت میں بھی حصہ لیں گی تاکہ ہندوستان کے مضبوط میکرو اکنامک بنیادی اصولوں، جاری ساختی اصلاحات، سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع اور طویل مدتی ترقی کے امکانات کو ظاہر کیا جا سکے ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ