
تل ابیب،یکم جولائی(ہ س)۔اسرائیلی فوج کے سابق سربراہ گادی آئزنکوٹ نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کی جگہ لینے کے لیے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔اپنے پہلے انتخابی اجتماع میں آئزنکوٹ نے کہا کہ اسرائیل ایک نئے باب کا مستحق ہے اور ہم اسے مل کر لکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ اکتوبر میں موجودہ حکومت کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا: ہم اسرائیل کی تاریخ میں ایک نیا باب کھولیں گے، کیونکہ اسرائیل کو جیتنا ہے اور وہ جیتے گا۔ آئزنکوٹ نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کو ایک ایسی صہیونی قیادت کی ضرورت ہے جو دیانتدار اور باوقار ہو۔
واضح رہے کہ آئزنکوٹ جنہوں نے ستمبر 2023 میں’یشار‘ نامی سیاسی جماعت قائم کی تھی، غزہ جنگ کے دوران نیتن یاہو کی پالیسیوں کے سخت ناقد رہے ہیں۔ وہ جنگ کے آغاز کے بعد جنگی کابینہ کے رکن بھی رہے، تاہم جون 2024 میں انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ایک حالیہ سروے جو اسرائیلی چینل 12 نے اس ہفتے کیا، کے مطابق آئزنکوٹ کی جماعت ممکنہ طور پر 120 رکنی کنیسٹ میں 22 نشستیں حاصل کر سکتی ہے، جس کے بعد وہ دوسرے نمبر پر ہوگی، جبکہ نیتن یاہو کی جماعت لیکود کو 24 نشستیں ملنے کی توقع ہے۔آئزنکوٹ جو مراکشی نژاد ہیں، نے پہلی بار 2022 میں سیاست میں قدم رکھا تھا۔ اس وقت وہ سابق فوجی سربراہ بینی گانٹز کے ساتھ سیاسی میدان میں آئے تھے، جو خود بھی اسرائیل کے سابق چیف آف اسٹاف رہ چکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan