
نئی دہلی، یکم جولائی (ہ س)۔ اڈانی گروپ کی اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ (اے جی ای ایل) 20 گیگا واٹ (جی ڈبلیو) آپریشنل قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو عبور کرنے والی ہندوستان کی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔ کمپنی نے اس ہدف کو زیادہ تر نئے منصوبوں (گرین فیلڈ ڈیولپمنٹ) کے ذریعے پورا کیا ہے۔ کمپنی سالانہ 52 ارب یونٹ سے زیادہ صاف بجلی پیدا کرتی ہے۔
اڈانی گروپ کمپنی نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ یہ پیداوار ہندوستان کی کل بجلی کی کھپت کا تقریبا تین فیصد ہے۔ یہ نیویارک شہر کی ایک سال کی بجلی کی ضرورت یا ممبئی اور نئی دہلی کی مشترکہ سالانہ بجلی کی ضرورت کے تقریبا برابر ہے۔ کمپنی نے گزشتہ مالی سال 2025تا2026 میں 5,051 میگاواٹ نئی صلاحیت کا اضافہ کیا، جو چین سے باہر کسی بھی کمپنی کی طرف سے ایک سال میں شامل کی گئی سب سے زیادہ قابل تجدید توانائی کی صلاحیت ہے۔
اس کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے، ساگر اڈانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ (اے جی ای ایل) نے کہا، 20 گیگاواٹ کے نشان کو عبور کرنا ظاہر کرتا ہے کہ نظم و ضبط پر عمل درآمد اور طویل مدتی وژن کے ساتھ کیا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اے جی ای ایل اپنی ہنر مند ٹیم اور دیرینہ شراکت داروں کے ساتھ ممبئی اور نئی دہلی کی مشترکہ سالانہ بجلی کی ضرورت کے برابر قابل تجدید توانائی فراہم کر رہا ہے۔
اے جی ای ایل مالی سال 2026تا2027 میں بیٹری ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 10 گیگاواٹ گھنٹہ کا اضافہ کرنے اور اگلے پانچ سالوں میں اسے 50 گیگاواٹ گھنٹہ تک بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس سے کمپنی کو 2030 تک 50 گیگاواٹ قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کے اپنے ہدف کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ ہندوستان کی سب سے بڑی اور دنیا کی معروف قابل تجدید توانائی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ کمپنی صاف توانائی کی منتقلی کو فروغ دینے کے لیے بڑے پیمانے پر گرڈ سے منسلک شمسی، ہوا، ہائبرڈ اور توانائی ذخیرہ کرنے کے منصوبوں کو تیار کرتی ہے، اس کی ملکیت رکھتی ہے اور چلاتی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی