
دامبولا، 9 جون ( ہ س)۔ جب جیت سری لنکا اے کی گرفت میں نظر آ رہی تھی، ہندوستانی گیند بازوں نے ناقابل یقین واپسی کرتے ہوئے ر میچ کا رخ ہی پوری طرح سے بدل دیا۔سری لنکا اے کو آخری دو اوورز میں جیت کے لیے صرف 10 رن درکار تھے اور ابھی اس کے چار وکٹ باقی تھے، لیکن ٹیم نے اسی دوران میں آخری تین وکٹیں گنوا دیں۔
ارشد خان نے پہلے وجے کانت ویاسکانت کو ایل بی ڈبلیو کیا، پھر محمد شیراز کو ڈیپ میں کیچ کروایا، جب کہ درمیان میں 16 گیندوں پر 23 رن بنا کر نان اسٹرائیکر اینڈ پر بیٹنگ کرنے والے ونوجا سہان رن آؤٹ ہوگئے۔ اس ڈرامائی اختتام کے ساتھ، انڈیا -اے نے سہ فریقی سیریز کے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا اے کو 8 رن سے شکست دی۔
انڈیا- اے نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 277 رن بنائے
سب کی نظریں نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی پر تھیں، جن کی آئی پی ایل کی مہم شاندار رہی تھی۔ انہوں نے پہلی گیند پر چوکا لگا کر آغاز کیا لیکن جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد رتوراج گائیکواڑ اور پریانش آریہ نے محاذ سنبھالا۔ آریہ 53 رن کی شراکت کے دوران رن آؤٹ ہوئے۔
کپتان تلک ورما نے شروع میں سست بلے بازی کی لیکن بعد میں اپنی فارم پا لی اور نصف سنچری تک پہنچ گئے۔ دریں اثنا، رتوراج گائیکواڈ نے تحمل سے بلے بازی کی اور شاندار سنچری اسکور کی۔ آخر میں، آیوش بڈونی اور سوریانش شیڈگے کی تیز بلے بازی نے ہندوستان کو مضبوط اسکور تک پہنچانے میں مدد کی۔گائیکواڑ نے 101 رن بنائے جبکہ تلک ورما نے 60 رن کی اہم اننگز کھیلی۔
278 کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا اے نے تیز شروعات کی۔ نروشن ڈکویلا اور اویشکا فرنینڈو نے پہلی وکٹ کے لیے 93 رن جوڑ کر ٹیم انڈیا-اے کو دباؤ میں ڈال دیا۔تاہم، آیوش بڈونی نے لگاتار دو وکٹوں کے ساتھ ہندوستان کو کھیل میں واپس لایا، اس کے بعد وپراج نگم اور انوکول رائے نے اہم کامیابیاں دلائیں۔
سہان ارچیگے نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 74 رن بنا کرسری لنکا کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔ تاہم، انشول کمبوج نے انہیں 48ویں اوور میں بولڈ کر کے ہندوستان کو میچ میں واپس لا دیا۔
پھر آخری دو اوورز کا ڈرامہ شروع ہوا۔ سری لنکا اے کو صرف 10 رن درکار تھے لیکن ہندوستانی گیند بازوں اور فیلڈرز نے دباؤ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیزی سے وکٹیں حاصل کرکے ہندوستان اے کے لیے میچ پر مہر ثبت کردی۔
یہ جیت ہندوستان اے کے لیے بھی خاص تھی کیونکہ ٹیم نے تقریباً ہارے ہوئے میچ کو آخری لمحات میں جیت میں بدل دیا۔
مختصر اسکور:
انڈیا اے: 277/6 (50 اوورز) رتوراج گائیکواڑ 101، تلک ورما 60، سورانش شیڈج 26*، محمد شیراز 2/27
سری لنکا اے: 269 آل آؤٹ (48.5 اوورز) سہان ارچیگے 74، نروشن ڈکویلا 47، سدیرا سماراویکرما 46 ، ارشن خان 2/24، آیوش بڈونی 2/46
نتیجہ: انڈیا اے 8 رن سے جیت گیا۔
ہندوستھان سماچار
------
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد