
حیدرآباد ، 9 جون (ہ س)۔
شہرحیدرآباد میں منگل کی شام ہونے والی موسلادھاراورطوفانی بارش نے معمولاتِ زندگی کوبری طرح متاثرکردیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث سڑکیں زیرِآب آ گئیں جبکہ کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سائبرآباد کمشنریٹ کے حدودمیں گچی باؤلی، مادھاپور، ہائی ٹیک سٹی اوراطراف کے علاقوں میں شدید بارش کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ سڑکوں پرگاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں جبکہ متعدد مقامات پرگھنٹوں تک ٹریفک جام کی صورتحال برقراررہی۔ شہرکے مغربی علاقوں کے ساتھ ساتھ جوبلی ہلز،بنجارہ ہلز،فلم نگر، اپّل، ناگول، ایل بی نگر،ونستھلی پورم، ملکاجگیری، بہادرپورہ، عابڈس، ملک پیٹ، عنبرپیٹ، رامنتاپور، سرورنگر،سعید آباد،مشیرآباد،حمایت نگراورعثمانیہ یونیورسٹی کے اطراف بھی شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے باعث متعدد اہم شاہراہوں اور چوراہوں پرپانی جمع ہوگیا، جس کے نتیجے میں دفاترسے گھروں کوواپس جانے والے شہریوں کو طویل ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔ دوپہیہ گاڑی سواروں اورپیدل چلنے والوں کوبھی مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کواحتیاطی تدابیراختیارکرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کے دوران گاڑیوں کی رفتار کم رکھی جائے، محفوظ فاصلہ برقراررکھا جائے اور پانی سے بھرے ہوئے راستوں سے گزرنے سے گریزکیا جائے۔
۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق