
علی گڑھ، 09 جون (ہ س)۔
قومی اردو ٹیچرس ایمپلائیز انڈیا کے زیرِ اہتمام نئی دہلی کی غالب اکیڈمی میں ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں اردو زبان، تعلیم اور سماجی خدمات کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر علی گڑھ کے معروف ماہرِ تعلیم، سابق پرنسپل جونیئر ہائی اسکول الیاس پور (بلاک لودھا) حاجی اے۔ سمیع خان کو ان کی طویل عرصے پر محیط تعلیمی، سماجی اور اردو زبان کی بے لوث خدمات کے اعتراف میں گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تقریب میں قومی اردو ٹیچرس ایمپلائیز انڈیا کے مرکزی صدر محمد واصل چوہدری، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی شعبۂ اردو کے صدر پروفیسر ضیاء الرحمن، آسیہ بانو، عباس علی ایڈووکیٹ، خورشید احمد اور پروگرام کے کنوینر فیروز چوہدری سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔
اعزاز کے طور پر حاجی اے۔ سمیع خان کو گولڈ میڈل، یادگاری مومنٹو، شال اور توصیفی سند پیش کی گئی۔ تقریب کے شرکاء نے ان کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی اردو زبان کے فروغ، تعلیم کی ترویج اور سماجی بیداری کے لیے وقف کررکھی ہے۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد حاجی اے۔ سمیع خان نے قومی اردو ٹیچرس ایمپلائیز انڈیا کے مرکزی صدر محمد واصل چوہدری، کنوینر فیروز چوہدری اور تنظیم سے وابستہ تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز انہیں اردو زبان اور تعلیم کی خدمت کے لیے مزید حوصلہ فراہم کرے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد واصل چوہدری نے کہا کہ حاجی اے۔ سمیع خان گزشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصے سے اردو زبان و ادب کی خدمت میں مصروف ہیں اور آج بھی مختلف اردو اخبارات اور ادبی سرگرمیوں سے وابستہ رہ کر اردو کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی متعدد معتبر ادارے اور تنظیمیں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں مختلف اعزازات سے نواز چکی ہیں۔تقریب کی نظامت فیروز چوہدری نے انجام دی، جبکہ حاضرین نے حاجی اے۔ سمیع خان کی خدمات کو اردو معاشرے کے لیے قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ