میدنی پور اور بیربھوم میں ترنمول لیڈروں کا استعفی ، صحت کی خرابی کو وجہ بتایا
مغربی میدنی پور، 7 جون (ہ س)۔ مغربی بنگال میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد ترنمول کانگریس کے عوامی نمائندوں کے استعفوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی تسلسل میں مغربی میدنی پور اور بیربھوم اضلاع میں ترنمول کانگریس کے کئی عہدیداروں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا
ترنمول کانگریس جھنڈا


مغربی میدنی پور، 7 جون (ہ س)۔ مغربی بنگال میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد ترنمول کانگریس کے عوامی نمائندوں کے استعفوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی تسلسل میں مغربی میدنی پور اور بیربھوم اضلاع میں ترنمول کانگریس کے کئی عہدیداروں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

مغربی میدنی پور ضلع کے شالبنی پنچایت کمیٹی کے صدر نیپال سنگھ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ نامہ میدنی پور کے ایس ڈی او کو بھیج دیا ہے۔ حالانکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابھی تک باضابطہ طور پر استعفیٰ نامہ موصول نہیں ہوا ہے۔

نیپال سنگھ نے استعفے کی وجہ صحت کے مسائل کو بتایا۔ ان کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے صحت ٹھیک نہ رہنے کی وجہ سے وہ ذمہ داریوں کو نبھانے میں خود کو قاصر محسوس کر رہے تھے۔

دوسری طرف، بیربھوم ضلع کے سیوڑی-دو بلاک میں ترنمول کی زیرِ قیادت فعال تین گرام پنچایتوں کے پردھانوں نے بھی ہفتے کی شام استعفیٰ دے دیا۔ ان میں بنسنکھیا گرام پنچایت کے پردھان محمد بشیر الدین، اویناش پور گرام پنچایت کی پردھان پھول منی ہاجرا اور کوما گرام پنچایت کی پردھان سمترا ٹوڈو شامل ہیں۔

تینوں پردھانوں نے بھی صحت کی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے عہدہ چھوڑنے کی بات کہی ہے۔ اویناش پور پنچایت کی پردھان پھول منی ہاجرا نے کہا کہ صحت کے مسائل کی وجہ سے وہ پنچایت کے کاموں کو مناسب وقت نہیں دے پا رہی تھیں، اس لیے انہوں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔

اس سیاسی پیش رفت پر بی جے پی لیڈروں نے دعویٰ کیا ہے کہ اب لوگ ترنمول کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔ دوسری طرف، ترنمول کی ضلع قیادت کا کہنا ہے کہ استعفوں کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande