
جموں،05 جون (ہ س)۔
مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندرسنگھ نے جموں میں نئے علاقائی موسمیاتی مرکز (ریجنل میٹرولوجیکل سینٹر) کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ محکمہ موسمیات ہند (آئی ایم ڈی) کی 151 سالہ تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی ہند میں موسمی پیش گوئی، بروقت انتباہی نظام اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دہلی کے علاقائی موسمیاتی مرکز کی ذمہ داریوں کو تقسیم کیا گیا ہے۔ نئی انتظامی ساخت کے تحت جموں، دہلی اور لکھنؤ میں الگ الگ علاقائی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے مطابق جموں کا علاقائی موسمیاتی مرکز جموں و کشمیر، لداخ اور ہماچل پردیش کی موسمی خدمات انجام دے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسمی تبدیلیوں، برف باری کی پیش گوئی اور بلند مقامات کے موسم پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی مرکز اب دہلی، ہریانہ اور پنجاب کی نگرانی کرے گا، جبکہ لکھنؤ علاقائی مرکز اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے لیے خدمات فراہم کرے گا، جس کا افتتاح 8 جون کو متوقع ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے وکست بھارت وژن کے تحت جدید موسمیاتی نظام اور مؤثر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ جانی و مالی نقصانات کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ 2014 میں ملک میں صرف 17 موسمی ریڈار موجود تھے، جبکہ گزشتہ برسوں کے دوران مزید 30 ریڈار نصب کیے گئے ہیں اور مشن موسم کے تحت مزید 50 ریڈار لگانے کا منصوبہ ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جدید نو کاسٹ سروس اب تین گھنٹے پہلے تک انتہائی درست موسمی پیش گوئی فراہم کر رہی ہے، جبکہ دہلی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نصب اسکائی کاسٹ نظام دھند کے باعث پروازوں میں ممکنہ رکاوٹوں کے بارے میں بروقت معلومات مہیا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں میں قائم کیا گیا نیا علاقائی موسمیاتی مرکز شمال مغربی ہمالیائی خطے، خصوصاً قدرتی آفات کے خطرات سے دوچار پہاڑی علاقوں میں موسمی نگرانی، پیش گوئی اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو نمایاں طور پر بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر