رائسین میں ہولناک سڑک حادثہ، دو بسوں کی آمنے سامنے کی ٹکر میں 3 کی موت، 15 زخمی
رائسین، 5 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع رائسین میں جمعہ کو ایک دردناک سڑک حادثے میں تین لوگوں کی موت ہو گئی، جبکہ 15 مسافر زخمی ہو گئے۔ یہاں بھوپال-ساگر شاہراہ پر صحت گنج ٹول پلازہ کے پاس دو مسافر بسوں کی آمنے سامنے ہوئی ہولناک ٹکر کے بعد جائے حاد
رائسین میں ہولناک سڑک حادثہ


رائسین، 5 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع رائسین میں جمعہ کو ایک دردناک سڑک حادثے میں تین لوگوں کی موت ہو گئی، جبکہ 15 مسافر زخمی ہو گئے۔ یہاں بھوپال-ساگر شاہراہ پر صحت گنج ٹول پلازہ کے پاس دو مسافر بسوں کی آمنے سامنے ہوئی ہولناک ٹکر کے بعد جائے حادثہ پر چیخ و پکار مچ گئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ ایک مسافر کا سر بری طرح مسخ ہو گیا اور کئی لاشوں کی شناخت کرنا مشکل ہو گیا۔

حادثہ صبح تقریباً 11 بجے کھربئی تھانہ چوکی کے تحت صحت گنج ٹول پلازہ کے پاس پیش آیا۔ چشم دیدوں کے مطابق، ٹکر کے بعد ایک بس بے قابو ہو کر پلیا سے ٹکراگئی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد کئی شدید زخمیوں کو بھوپال ریفر کیا گیا ہے۔ متوفین میں نتیش ویاس (28) ساکن پنڈا ٹیکاپار، سلطان گنج اور ماکھن لودھی (29) ساکن پچی پورا، بیگم گنج کی شناخت ہو چکی ہے۔ تیسرے متوفی کی شناخت فی الحال نہیں ہو سکی ہے۔ ابتدائی رپورٹوں میں پانچ لوگوں کی موت کی اطلاع سامنے آئی تھی، لیکن انتظامیہ نے بعد میں تین اموات کی باقاعدہ تصدیق کی۔

رائسین کے ایس پی آشتوش گپتا نے بتایا کہ دونوں بسیں بھوپال-ساگر شاہراہ پر چل رہی تھیں۔ بھوپال سے ساگر جا رہی بس میں سوار مسافروں کی موت ہوئی ہے، جبکہ دوسری بس کے کئی مسافر شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی کلکٹر ارون کمار وشوکرما اور پولیس انتظامیہ کے سینئر حکام موقع پر پہنچ گئے۔

چشم دید ہیم راج لودھی کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والی شکتی ٹریولس اور کلپنا ٹریولس کی بسیں تیز رفتار سے دوڑ رہی تھیں۔ موڑ پر زیادہ رفتار کی وجہ سے دونوں ڈرائیور بسوں پر قابو نہیں رکھ سکے اور آمنے سامنے کی ٹکر ہو گئی۔ ٹکر کا سب سے زیادہ اثر کھڑکی کے پاس بیٹھے مسافروں پر پڑا، جن کے سر اور چہرے پر شدید چوٹیں آئیں۔

مسافر ممتا ریکوار نے بتایا کہ وہ بھوپال کے آئی ایس بی ٹی سے سلوانی جانے کے لیے بس میں سوار ہوئی تھیں۔ بس میں تقریباً 30 سے 35 مسافر موجود تھے۔ جمعہ کی صبح 10.10 بجے روانہ ہونے کے بعد ٹول پلازہ سے آگے اچانک زوردار جھٹکا لگا اور کئی مسافر سیٹوں سے نیچے گر پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرائیور نے بس کو قابو کرنے کی کوشش کی، لیکن اسے بھی چوٹیں آئی ہیں۔

ایس ڈی او پی پرتیبھا شرما نے بتایا کہ کیسلی کی طرف سے آ رہی بس اور جے سنگھ نگر کی سمت سے آ رہی دوسری بس کے درمیان سیدھی بھیڑنت ہوئی۔ حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ابتدائی جانچ میں تیز رفتاری، موڑ اور راستے کی صورتِ حال کو حادثے کی ممکنہ وجہ مانا جا رہا ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔ وہیں، حادثے کے بعد کچھ وقت کے لیے ہائی وے پر آمد و رفت بھی متاثر رہی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande